کراچی اور بلوچستان کے مختلف علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ۔کراچی کے علاقے آئی آئی چندریگر روڈ، لیاری، صدر، کلفٹن، پی ای سی ایچ ایس اور ڈی ایچ اے میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔ ذرائع کے مطابق سائٹ ایریا، ٹیپو سلطان روڈ، پہلوان گوٹھ اور بحریہ ٹان میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کے جھٹکے 12 بجکر 51 منٹ پر محسوس کیے گئے۔زلزلے کے بعد لیاری نیا آبادکی عمارت کے رہائشی خوفزدہ ہو کر باہر نکل آئے، پولیس اور ریسکیو کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں۔ ریسکیو حکام نے بتایا کہ عمارت کو زلزلے کے جھٹکوں سے کوئی نقصان نہیں ہوا، ریسکیو ٹیمیں عمارت کا جائزہ لے رہی ہیں۔
دوسری جانب بلوچستان کے علاقے وندر، حب، گڈانی اور سومیانی میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں۔زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی شدت 5.2 اور گہرائی 12 کلو میٹر ریکارڈ کی گئی۔ زلزلے کا مرکز کراچی سے87 کلو میٹر دور سومیانی میں تھا۔چند گھنٹے پہلے سبی اور گردونواح میں بھی زلزلہ آیا جس کی شدت 3.2 ریکارڈ کی گئی، زلزلے کا مرکز سبی کے جنوب مغرب میں 53کلو میٹر دور تھا۔زلزلے کے باعث ابتدائی طور پر کسی جانی و مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی