ملک کے بڑے شہروں کراچی اور لاہور کا فضائی معیار انتہائی مضرِ صحت ہے۔عالمی ماحولیاتی ویب سائٹ کے مطابق جمعہ کے روز کراچی دنیا کے آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں تیسرے، لاہور دوسرے جبکہ بھارتی دارالحکومت نئی دہلی پہلے نمبر پر رہا۔ایئر کوالٹی انڈیکس کے مطابق کراچی کی فضا میں آلودگی کی تعداد251 پارٹیکیولیٹ میٹر ریکارڈ کی گئی ۔ محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی کا موسم خشک اور رات میں خنک جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 32 سے 34 ڈگری تک رہنے کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی کا کم سے کم درجہ حرارت 17ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے، ہوا میں نمی کا تناسب 66 فیصد ہے اور شمال مشرق سے ہوائیں چل سکتی ہیں۔
جبکہ ایئر کوالٹی انڈیکس کے مطابق لاہور کی فضا میں پارٹیکیولیٹ میٹر کی تعداد 291 ریکارڈ کی گئی ۔عالمی ماحولیاتی ویب سائٹ کے مطابق پنجاب کے شہر گوجرانوالہ میں فضائی آلودگی کی مقدار 209 جبکہ فیصل آباد میں205 پارٹیکیولیٹ میٹر ریکارڈ کی گئی ہے۔عالمی ماحولیاتی ویب سائٹ کے مطابق لاہور کے علاقے لوئر مال کا اے کیو آئی 585، ڈی سی آفس کا 576، راوی روڈ کا 506، علامہ اقبال ٹان کا 447، پنجاب یونیورسٹی کا 444 اور شادمان کی فضا میں پارٹیکیولیٹ میٹر کی تعداد 427 ریکارڈ کی گئی ہے۔لاہور کی فضا میں آلودگی کی مقدار 180 تا 220 ریکارڈ ہونے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔اسموگ نگرانی سسٹم کے مطابق آلودگی میں وقتی کمی متوقع ہے جبکہ بارش کا امکان نہیں ہے، لاہور کی فضا میں بہتری کا انحصار صرف درجہ حرارت میں اضافے پر ہوگا۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی