امریکا سے واپس آنے والی فیملی کو گھر کی دہلیز پر لوٹ لیا گیا ۔ تفصیل کے مطابق کراچی کے علاقے بفرزون میں امریکا سے وطن واپس لوٹنے والے خاندان کو گھر کی دہلیز پر لوٹ لیا گیا۔واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج منظرِ عام پر آگئی ہے جس میں ملزمان کے چہرے واضح طور پر دکھائی دے رہے ہیں۔پولیس نے بتایا کہ سفید رنگ کی کار میں سوار ملزمان نے متاثرہ فیملی کی گاڑی کا ایئرپورٹ سے بفر زون بلاک 15 تک تعاقب کیا۔ ملزمان کے زیرِ استعمال گاڑی پر پولیس لائٹس لگی ہوئی تھیں تاکہ شک نہ ہو۔فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک مسلح ملزم کار سے اتر کر خاتون سے بیگ چھینتا ہے اور فورا واپس کار میں بیٹھ جاتا ہے، جبکہ دیگر ساتھی بیک اپ پر موجود رہتے ہیں۔پولیس کا کہنا ہے کہ خاتون کے بیگ میں غیر ملکی کرنسی موجود تھی تاہم واقعے کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے اور پولیس نے دعوی کیا ہے کہ سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے ملزمان کی تلاش جاری ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی