کراچی میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنیوالوں کے خلاف ای چالان نظام باقاعدہ نافذ کردیا گیا، یعنی اب ٹریفک کی خلاف ورزیاں جدید کیمروں سے خود کار طور پر ریکارڈ ہوں گی۔ فیس لیس چالان کے پہلے روز صرف 6 گھنٹوں کے دوران 2 ہزار 662 الیکٹرانک چالان جاری کیے گئے، مجموعی طور پر سوا کروڑ روپے سے زائد کے چالان ہوئے۔ڈی آئی جی ٹریفک پیر محمد شاہ نے بتایا کہ افتتاح کے بعد سسٹم میں تکنیکی بہتری کا عمل جاری تھا، جس کے باوجود صرف 6 گھنٹوں میں بڑی تعداد میں خلاف ورزیاں ریکارڈ ہوئیں۔رپورٹ کے مطابق اوور اسپیڈنگ پر 419، سیٹ بیلٹ نہ باندھنے پر 1 ہزار 535، ہیلمٹ کے بغیر موٹرسائیکل چلانے پر 507، ریڈ لائن کراس کرنے پر 166، جبکہ لین لائن کی خلاف ورزی پر 3 چالان کیے گئے۔اس کے علاوہ کالے شیشوں والی گاڑیوں پر 7، غلط پارکنگ پر 5، موبائل فون استعمال کرنے پر 32، اور غلط سمت میں گاڑی چلانے پر 3 چالان ہوئے۔ڈی آئی جی ٹریفک نے کہا کہ ای چالان سسٹم کے ذریعے شہریوں کو جدید ٹریفک نظم و ضبط سے روشناس کرایا جا رہا ہے اور آئندہ دنوں میں اس نظام میں مزید بہتری لائی جائے گی
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی