i پاکستان

کوئی شخص اداروں سے بڑا نہیں اور ادارے ملک سے بڑے نہیں' شیخ رشیدتازترین

August 24, 2022

عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے کہا یہ کہ کوئی شخص اداروں سے بڑا نہیں اور ادارے ملک سے بڑے نہیں' ن اور ش میں واضح دراڑ پڑ چکی ہے' پی ڈی ایم کا شیرازہ بکھرنے والا ہے ' حالات کنٹرول سے باہر ہوجائیں اس سے بہتر ہے مذاکرات کی میز پر فیصلے کرلئے جائیں۔ بدھ کو میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ عوام پر اس وقت دو عذاب مسلط ہیں ایک جانب سیلاب اور دوسری جانب کرپٹ اور نااہل حکومت ۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ دنوں میں بجلی کے بلوں میں ہونے والے اضافے نے عوام کی چیخیں نکال دیں عوام سڑکوں پر سراپا احتجاج ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کوئی شخص بھی اداروں سے بڑا نہیں اور ادارے ملک سے بڑے نہیں۔ ہر ایک کو اپنی آئینی حدود کے اندر رہنا ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ ن اور ش میں واضح دراڑ پڑ چکی ہے۔ دورہ قطر میں ش ساتھ گئی ہے اور ن ادھر ہی ہے جبکہ دوسری جانب پی ڈی ایم میں دراڑیں پڑ چکی ہیں جس کے واضح اثرات جلدہی محسوس ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ ملکی معیشت تباہی کے دہانے پر پہنچ چکی ہے عوام حکومت سے نالاں ہیں۔ بے روزگاری اور بدامنی عروج پر ہے اس سے پہلے کہ حالات کنٹرول سے باہر ہوں بہتر ہے کہ مذاکرات کی میز پر بیٹھ کر بھائیوں کی طرح آپس میں طے کرلیں کہ نئے الیکشن کب کرنے ہیں تاکہ ملک صحیح خطوط پر اپنی سمت اختیار کرلے۔

کریڈٹ:
انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی