کوئٹہ میں خاتون اسکول ٹیچر کے قتل میں ملوث ملزم کو گرفتار کرلیا گیا جبکہ شریکِ جرم ساتھی کی تلاش جاری ہے۔تفصیل کے مطابق کوئٹہ میں سیرس کرائم انویسٹی گیشن ونگ نے کارروائی کرتے ہوئے منوجان روڈ پر خاتون اسکول ٹیچر کے قتل میں ملوث ملزم جہانزیب کو گرفتار کرلیا۔پولیس نے بتایا کہ ملزم کی شناخت اور گرفتاری سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے عمل میں آئی۔پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزم کے شریکِ جرم ساتھی کی تلاش جاری ہے تاہم ملزم جہانزیب کے قبضے سے واردات میں استعمال ہونے والی موٹر سائیکل اور ہیلمٹ بھی برآمد کرلیا گیا ہے۔یاد رہے کہ 16 اکتوبر کو منوجان روڈ پر دو موٹر سائیکل سواروں نے فائرنگ کرکے خاتون اسکول ٹیچر کو قتل کردیا تھا۔پولیس کے مطابق واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں تاکہ قتل کے واقعے کے محرکات سامنے آسکیں۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی