خیبرپختونخوا کے علاقوں وسطی کرم اور بنوں میں فتنہ الخوارج کے حملوں میں 3 پولیس اہلکار شہید ہوگئے، کرم میں جوابی کارروائی میں خوارج کے 4 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔آر پی او کوہاٹ عباس مجید مروت کے مطابق وسطی کرم کے علاقے چنارک میں دہشت گردوں نے پولیس پوسٹ پرخود کار ہتھیاروں سے حملہ کیا جس پر پولیس فورس کے جوانوں نے بہادری سے دہشت گردوں کا مقابلہ کیا۔آر پی او کوہاٹ کے مطابق اس دوران فائرنگ کے تبادلے میں پولیس فورس کے 2 اہلکار واحد خان اور فضل رحمان شہید ہوگئے جب کہ جوابی کارروائی میں فتنہ الخوارج کے 4 دہشت گرد ہلاک اور 6 زخمی ہوگئے۔دوسری جانب ضلع بنوں میںفتنہ الخوارج کے دہشتگردوں کی فائرنگ سے ایک پولیس اہلکار شہید ہوگیا۔فائرنگ کا واقعہ سرنگی میں پیش آیا، پولیس جائے وقوعہ پر پہنچ گئی،پولیس کے مطابق شہید پولیس اہلکارطارق آر پی او بنگلہ میں ڈیوٹی کیلئے جارہا تھا۔پولیس نے دہشتگردوں کی تلاش کیلئے سرچ آپریشن شروع کردیا۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی