خیبرپختونخوا حکومت نے غیر قانونی افغان باشندوں کی رجسٹریشن کیلئے سروس پوائنٹس قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔جاری اعلامیہ میں تمام ڈویژنز و اضلاع میں سروس پوائنٹس کے قیام اور عملے کی تعیناتی کے احکامات جاری کئے گئے ہیں، کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو رجسٹریشن مراکز پر مستند ڈیٹا اندراج یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔سکیورٹی انتظامات اور عوامی رہنمائی کیلئے خصوصی ڈیسک قائم کرنے کے احکامات جاری کرتے ہوئے رجسٹریشن مہم کی پیش رفت رپورٹ باقاعدگی سے بھیجنے کی ہدایت بھی دی گئی ہے۔اعلامیہ کے مطابق نادرا، ہوم ڈیپارٹمنٹ اور متعلقہ اداروں کو افغان باشندوں کی بائیو میٹرک تصدیق کے ساتھ ساتھ ڈیٹا شیئرنگ اور ریکارڈ اپ ڈیٹ کیلئے مشترکہ میکنزم بنانے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔
رجسٹریشن مراکز پر خواتین، بچوں اور بزرگوں کیلئے علیحدہ کانٹرز قائم کیے جائیں گے، ضلعی انتظامیہ کو انتظار گاہیں اور بنیادی سہولیات فراہم کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔فیلڈ افسران کو رجسٹریشن عمل میں ہراسانی یا غیر ضروری تاخیر سے گریز کی ہدایت کی گئی ہے، شکایات کے ازالے کیلئے ہیلپ لائن اور کمپلینٹ سیل فعال کرنے کے احکامات جاری کئے گئے ہیں۔روزانہ، ہفتہ وار اور حتمی رپورٹس صوبائی سطح کے جائزہ اجلاس میں پیش کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو رجسٹریشن پلان پر فوری عملدرآمد اور روزانہ رپورٹنگ کی ہدایت کی گئی ہے۔نادرا اور متعلقہ اداروں کو مثر ڈیٹا کلیکشن و تصدیق کا نظام وضع کرنے کا حکم دیا گیا ہے، ہوم ڈیپارٹمنٹ اور پی ڈی ایم اے کو رابطے اور سکیورٹی انتظامات کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی