i پاکستان

کے پی امن جرگہ آج منعقدہوگا، اعلامیہ وفاقی حکومت سمیت تمام سکیورٹی اداروں کو بھجوانے کا فیصلہتازترین

November 11, 2025

خیبر پختونخوا حکومت کا امن جرگہ آج (بدھ کو) منعقد ہوگا۔ جرگہ کا اعلامیہ وفاقی حکومت سمیت تمام سکیورٹی اداروں کو بھجوانے اور ایپکس کمیٹی میں پیش کرنے کا فیصلہ کر لیا۔جرگے میں بڑی سیاسی جماعتوں سمیت تمام جماعتوں نے شرکت کا فیصلہ کیا ہے، جرگے کے شرکا کو خصوصی پاس جاری کر دیئے گئے ، جرگے کے روز غیر متعلقہ افراد کی شرکت پر پابندی ہوگی، جرگے کے روز خصوصی سکیورٹی پلان بنا لیا گیا ہے، اسمبلی میں 400 افراد کے بیٹھنے کا بندوبست کیا گیا ہے۔خیبر پختونخوا حکومت کی جانب سے صوبے میں امن و امان کے قیام اور سکیورٹی اداروں کی جانب سے آپریشن کے حوالے سے امن جرگہ بلایا گیا ہے، جرگہ کل خیبر پختونخوا اسمبلی میں ہوگا

جس میں وزیراعلی سہیل آفریدی شرکت کریں گے جبکہ جرگے کی میزبانی سپیکر بابر سلیم سواتی کریں گے، جرگے کے لیے تمام انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں۔ذرائع کے مطابق جرگے کے لیے 20 سے زائد سیاسی جماعتوں کو شرکت کی دعوت دی گئی تھی، اے این پی، پیپلز پارٹی، مسلم لیگ نواز، جے یو آئی، جماعت اسلامی، قومی وطن پارٹی، مسلم لیگ (ق)سمیت تمام سیاسی جماعتوں، بار کونسل، وکلا اور سول سوسائیٹیز نے شرکت کی یقین دہانی کروا دی ہے۔ذرائع نے بتایا ہے کہ جرگے اعلامیہ کے لیے کمیٹی تشکیل دی جائے گی، وزیراعلی اور سپیکر اسمبلی مشترکہ طور پر اعلامیہ جاری کریں گے، اعلامیہ وفاقی حکومت سمیت تمام سکیورٹی اداروں کو بھجوانے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور جرگے کے فورا بعد ایپکس کمیٹی کا اجلاس بھی بلایا جائے گا جس میں جرگے کا اعلامیہ پیش کیا جائے گا۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی