i پاکستان

ڈیجیٹل جرائم کی تحقیقات کی تربیت، جامعہ کراچی میں جدید ترین شعبے کا آغازتازترین

October 28, 2025

جامعہ کراچی میں ڈیجیٹل جرائم کی تحقیقات کی تربیت کے لیے جدید ترین شعبے کا افتتاح ہو گیا۔جامعہ کراچی میں قائم جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ سینٹر آف ڈیجیٹل فارنزک سائنس اینڈ ٹیکنالوجی(سی ڈی ایف ایس ٹی) کا باقاعدہ افتتاح ہو گیا، یہ منصوبہ پلاننگ کمیشن اسلام آباد کی مالی معاونت اور ہائیر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) کے تعاون سے پایہ تکمیل کو پہنچا ہے۔جامعہ کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی کے مطابق، اس سینٹر میں ڈیجیٹل جرائم کی تحقیقات اور روک تھام کے حوالے سے خصوصی تربیت دی جائے گی، جس میں موبائل فراڈ، کمپیوٹر اور لیپ ٹاپ فارنزک، سائبر کرائم انویسٹی گیشن اور آرٹیفیشل انٹیلیجنس کے عملی اطلاقات پر توجہ دی جائے گی۔ تعمیر شدہ عمارت گرائو نڈ پلس ٹو ڈھانچے پر مشتمل ہے، جس کا کل رقبہ 38 ہزار مربع فٹ ہے۔ اس منصوبے پر 30 کروڑ 80 لاکھ روپے کی لاگت آئی۔ عمارت میں جدید سہولیات سے مزین 32 دفاتر، 23 کلاس رومز، 11 اکیڈمک لیبز، 18 اسٹور رومز اور 10 جدید سیکیورٹی کیمرے نصب کئے گئے ہیں۔ معذور افراد کی سہولت کے لیے 2 خصوصی ریمپ اور 2 علیحدہ داخلی دروازے بھی تعمیر کئے گئے ہیں۔اس سینٹر میں سرٹیفیکیٹ اور ڈپلومہ کورسز کا جلد آغاز کیا جائے گا، ڈاکٹر عراقی کے مطابق مستقبل قریب میں یہاں بی ایس، ایم فل اور پی ایچ ڈی پروگرامز بھی شروع کیے جائیں گے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی