ڈی جی آئی ایس پی آر نے کامسیٹس یونیورسٹی اسلام آباد کے اساتذہ اور طلبہ کے ساتھ ایک خصوصی نشست میں شرکت کی جس میں ملکی داخلی صورتحال، غلط معلومات (مس انفارمیشن و ڈس انفارمیشن) کے پھیلا ئو اور دیگر اہم قومی امور پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔خصوصی نشست کے دوران ڈی جی آئی ایس پی آر نے شرکا کے سوالات کے مفصل اور مدلل جوابات دئیے جبکہ تقریب کے اختتام پر شرکا نے اپنے تاثرات کا اظہار بھی کیا، اس موقع پر شرکا نے افواجِ پاکستان کی مادرِ وطن کیلئے دی جانے والی لازوال قربانیوں کو شاندار خراجِ تحسین پیش کیا۔شرکا کا کہنا تھا کہ بغیر تحقیق کے غیر مصدقہ معلومات کا پھیلا قومی مفادات کے لیے نقصان دہ ثابت ہو سکتا ہے جبکہ ایسے آگاہی سیشنز کے ذریعے مس انفارمیشن اور ڈس انفارمیشن کا بہتر انداز میں تدارک ممکن ہے۔
شرکا کے مطابق ڈی جی آئی ایس پی آر نے نوجوانوں کی بھرپور حوصلہ افزائی کی اور انہیں پاکستان کا مستقبل قرار دیا، طلبہ نے اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا کہ ان کے تمام سوالات کے مکمل دلائل کے ساتھ جوابات دئیے گئے۔نشست کے دوران اس امر پر بھی زور دیا گیا کہ پاکستان کے استحکام، سلامتی اور ترقی کیلئے فوج کے ساتھ ساتھ ہر شہری کا کردار ناگزیر ہے جبکہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے تمام اداروں کے درمیان باہمی تعاون اور یکجہتی انتہائی ضروری ہے۔شرکا نے کہا کہ نوجوانوں میں آگاہی اور شعور اجاگر کرنے کے لیے ایسے سیشنز کا تسلسل وقت کی اہم ضرورت ہے، اس آگاہی نشست نے پاکستان کے استحکام اور ترقی میں طلبہ کے کلیدی کردار کو نمایاں کیا اور فتنہ الخوارج کے حوالے سے بھی واضح معلومات فراہم کیں۔مزید برآں شرکا نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاک فوج ہم سے ہے اور ہم پاک فوج سے ہیں۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی