حکومتی کوششوں کے با وجودپنجاب کی فضابدستور خراب ہے، اب سے لاہور کو پنجاب کا آلودہ ترین شہر قرار دیاگیا۔ محکمہ ماحولیات پنجاب کی ویب سائٹ کے مطابق لاہور میں ائیر پارٹیکولیٹ میٹرز کی تعداد 414 ریکارڈ کی گئی۔لاہور کے ساتھ ساتھ دیگر شہروں کی صورتحال بھی خراب ہے، خانیوال میں ائیر پارٹیکولیٹ میٹرز کی تعداد 412 ، فیصل آباد 354 اور ملتان میں 342 ریکارڈ کی گئی ۔ورلڈ ایئر کوالٹی انڈیکس میں لاہور کو 330 اے کیوآئی کے ساتھ دنیا کا دوسرا آلودہ ترین شہر قرار دیاگیا۔ بھارتی دارالحکومت نئی دہلی 450 پارٹیکولیٹ میٹرز کے ساتھ پہلے نمبر پرہے۔دوسری جانب بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک اور سرد رہنے کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق صوبے کے بالائی اور میدانی علاقوں میں رات اور صبح کے وقت درجہ حرارت میں مزید کمی متوقع ہے،کوئٹہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 1 جبکہ قلات میں منفی 2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، زیارت میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 1 اور ژوب میں 4 ڈگری رہا۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے
کہ سبی میں کم سے کم درجہ حرارت 13 اور تربت میں 15 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا،نوکنڈی میں کم سے کم درجہ حرارت 9 جبکہ چمن میں 3 ڈگری تک جا پہنچا ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق اس کے علاوہ ساحلی علاقوں میں بھی موسم سرد رہا، گوادر میں کم سے کم درجہ حرارت 18 اور جیوانی میں 19 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ دریں اثنا شدید دھند اور حد نگاہ صفر ہونے کے پیش نظر موٹروے ایم ون کو مختلف مقامات سے ٹریفک کیلئیبند کر دیا گیا ہے۔ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق پشاور ٹال پلازہ سے رشکئی تک اور صوابی سے برہان تک موٹروے ایم ون کو حدِ نگاہ انتہائی کم ہونے کے باعث بند کیا گیا ہے۔موٹروے پولیس نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ دھند کے دوران گاڑیوں میں لازمی طور پر فوگ لائٹس کا استعمال کریں اور غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔ ترجمان کے مطابق سفر شروع کرنے سے پہلے موٹروے کی صورتحال سے متعلق معلومات ہیلپ لائن 130 پر حاصل کی جا سکتی ہیں۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی