اے این پی رہنما امیرحیدر خان ہوتی نے کہا ہے کہ گورنرشپ کے حوالے سے اب تک کسی نے رابطہ نہیں کیا، زیرِگردش خبروں سے متعلق کسی نے اعتماد میں نہیں لیا۔ایک انٹرویو میں امیرحیدر ہوتی نے مزید کہا کہ میں اے این پی کا کارکن اور پارٹی فیصلوں کا پابند ہوں، گورنر راج سے متعلق پارٹی فیصلہ کرے گی میں تو فرد واحد ہوں۔ دریں اثنا اے این پی کے مرکزی ترجمان احسان اللہ نے کہا ہے کہ امیرحیدر ہوتی کا نام پیش کرنا حکومت کے مرکزی حصہ داروں کی ذہنی احتراع ہے۔جاری بیان کے مطابق ترجمان احسان اللہ خان نے کہا کہ گورنر خیبر پختونخوا کیلئے امیرحیدر ہوتی کی نامزدگی قیاس آرائی ہے، امیرحیدر ہوتی انتخابات میں اے این پی کے اہم امیدوار ہیں، صوبے میں گورنرراج سے متعلق اے این پی سے تاحال کوئی رابطہ نہیں ہوا ۔ ترجمان نے کہا کہ اے این پی منتخب اداروں کو معطل کرنے کی قائل نہیں، صوبے کے مسائل 6 ماہ کے گورنرراج سے نہیں بلکہ گورننس سے حل ہونگے۔احسان اللہ نے کہا کہ صوبائی حکومت کو بھی عوام کے مسائل حل کرنے کیلئے گورننس پر توجہ دینی چاہیے، صوبے میں 32 لاکھ ووٹرز نے پی ٹی آئی کو ووٹ دیا تھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کیخلاف 70 لاکھ ووٹ پڑے تھے جو ثبوت ہے اکثریت نے بانی کی رہائی سے اتفاق نہیں کیا۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی