i پاکستان

گورنر خیبر پختونخوا گزشتہ ایک ہفتے سے لاپتہ ہیں، جہاں بھی کسی کو ملیں، برائے مہربانی گورنر ہائوس پشاور پہنچا دیا جائے، بیرسٹر سیف کا گورنر پختونخوا سے متعلق طنزیہ اعلانتازترین

October 14, 2025

مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا ہے کہ آئین میں گورنر کے علاوہ کسی اور سے بھی حلف لینے کی گنجائش ہے،انہوں نے گورنر کے خلاف طنزیہ انداز اپناتے ہوئے اعلانِ گمشدگی جاری کر دیا۔اپنے بیان میں بیرسٹر سیف کا کہنا تھا کہ گورنر خیبر پختونخوا گزشتہ ایک ہفتے سے لاپتہ ہیں، جہاں بھی کسی کو ملیں، برائے مہربانی گورنر ہائوس پشاور پہنچا دیا جائے، سننے میں آیا ہے کہ وزیراعلی سہیل آفریدی کے انتخاب کی خبر سنتے ہی گورنر کی ذہنی حالت بگڑ گئی اور ذہنی دبا ئوکم کرنے کیلئے سندھ کے صحرائوں کا رخ کیا ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ گورنر کو زیادہ دبائو لینے کی ضرورت نہیں، کیونکہ آئین میں گورنر کے علاوہ کسی اور سے بھی حلف لینے کی گنجائش موجود ہے۔صوبائی مشیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ چیف جسٹس کسی بھی ذمہ دار شخص کو وزیراعلی سے حلف لینے کا کہہ سکتے ہیں، ہماری لیگل ٹیم نے ہائی کورٹ سے رجوع کر لیا ہے، جلد حلف کا معاملہ حل ہو جائے گا۔انہوں نے طنزیہ انداز میں کہا کہ گورنر تو ویسے بھی فارغ بندہ ہیں، نہ کام کے نہ کاج کے بلکہ دشمن اناج کے، ان کا واحد کام وزیراعلی سے حلف لینا تھا، وہ بھی ان سے نہیں ہو رہا۔بیرسٹر سیف کا اپنے بیان میں مزید کہنا تھا کہ وزیراعلی کے انتخاب کے جمہوری عمل کو متنازع بنانا سیاسی جماعتوں کے منہ پر طمانچہ ہے اور تاریخ میں یہ عمل نام نہاد سیاسی اشرافیہ کے سیاہ باب کے طور پر یاد رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ گورنر کے اس غیر جمہوری رویے سے شاید قبر میں ذوالفقار علی بھٹو کی روح بھی تڑپ اٹھی ہو۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی