i پاکستان

گورنمنٹ آف پاکستان نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیستازترین

December 01, 2025

٭ سلطان احمد چوہدری نے بطور انسپکٹر جنرل آف پولیس، نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس، اپنے عہدے کا چارج سنبھال لیا۔
٭ سلطان احمد چوہدری نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس کے پچیسویں (25ویں) انسپکٹر جنرل آف پولیس ہیں۔
٭ نئے انسپکٹر جنرل نے ادارے کو مزید مضبوط بنانے اور عوامی خدمت کے عزم کا اظہار کیا۔
سلطان احمد چوہدری نے بطور انسپکٹر جنرل نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس اپنا منصب سنبھال لیا۔ وہ اس سے قبل پنجاب میں ایڈیشنل انسپکٹر جنرل آف پولیس کے طور پر خدمات انجام دے رہے تھے۔ آپ پولیسنگ کے شعبے میں وسیع تجربہ رکھتے ہیں اور پاکستان پولیس سروس میں متعدد اہم عہدوں پر فائز رہ چکے ہیں۔ آپ پیشہ ورانہ مہارت، اعلیٰ کارکردگی اور دیانت داری کے حوالے سے پولیس سروس میں ایک نمایاں شناخت رکھتے ہیں۔نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس کے سینٹرل پولیس آفس اسلام آباد آمد پر انہیں چاق و چوبند دستے نے سلامی پیش کی۔ اس موقع پر افسران سے تعارف کرایا گیا اور ادارے کے مختلف امور پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ نئے انسپکٹر جنرل نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ ادارے کو مزید مضبوط بنانے، پیشہ ورانہ معیارات کو بلند رکھنے اور عوام کی خدمت کو یقینی بنانے کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لائیں گے۔

ساتھ ہی انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ محکمے کے افسران و ملازمان کی فلاح و بہبود کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جائیں گے۔ اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ اس ادارے کی قیادت ان کے لیے باعثِ فخر ہے ایک ایسا ادارہ جو نہ صرف پاکستان بلکہ عالمی سطح پر بھی ایمانداری، پیشہ ورانہ صلاحیت اور شفافیت کی مثال سمجھا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ موٹروے پولیس کی بنیادی اقدار ایمان داری، حسنِ اخلاق اور مدد ہماری اصل طاقت ہیں اور انہیں ہر قیمت پر برقرار رکھا جائے گا۔انسپکٹر جنرل نے افسران کو ہدایت کی کہ وہ قومی شاہراہوں پر سفر کرنے والے مسافروں کی بروقت مدد، شہریوں کے جان و مال کے تحفظ اور ٹریفک حادثات کی روک تھام کے لیے اپنی ذمہ داریاں بھرپور انداز میں ادا کریں، کیونکہ نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس کو قومی اداروں میں ممتاز مقام حاصل ہے۔ اس موقع پر انسپکٹر جنرل نے شہدا کو خراجِ عقیدت پیش کیا، یادگارِ شہدا پر پھول چڑھائے اور شہدا کے بلند درجات کے لیے خصوصی دعا کی۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی