i پاکستان

فرانسیسی مالیاتی ادارہ واپڈا منصوبوں کی تعمیر میں مالی معاونت جاری رکھے گا،ڈائریکٹر اے ایف ڈیتازترین

December 11, 2025

فرانسیسی مالیاتی ادارے اے ایف ڈی نے پاکستان میں سستی اور صاف توانائی کے فروغ کیلئے واپڈا کی کوششوں کی تعریف کی ہے جبکہ مستقبل میں بجلی منصوبوں کی تعمیر میں مالی معاونت جاری رکھنے کی یقین دہانی بھی کرا دی۔جاری اعلامیے کے مطابق اے ایف ڈی کے وفد نے چیئرمین واپڈا لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ محمد سعید سے ملاقات کی۔ وفد کی سربراہی سربراہی اے ایف ڈی کے ڈائریکٹر ایشیا سیرل بلیئر کر رہے تھے۔ ملاقات میں اے ایف ڈی کی معاونت سے واپڈا کے زیرتعمیر پن بجلی منصوبوں کے مالی معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ چیئرمین واپڈا نے کہا کہ سستی اور ماحول دوست پن بجلی پیدا کرنے میں معاونت پر اے ایف ڈی کے شکر گذار ہیں ۔ اے ایف ڈی کے ڈائریکٹر نے کہا کہ پاکستان کے نیشنل گرڈ میں کم لاگت ، گرین اور کلین انرجی کے اضافہ کیلئے واپڈا کا کردار قابل تعریف ہے۔ واپڈا کے ساتھ مالی معاونت جاری رکھیں گے۔ اے ایف ڈی اس وقت واپڈا کے پانچ زیرتعمیر پن بجلی منصوبوں کے لئے تین سو اکیاون ملین یورو قرض فراہم کررہا ہے۔ ان میں منگلا، وارسک، درگئی اور چترال ہائیڈل پاور سٹیشن کے بحالی منصوبے شامل ہیں۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی