اسلام آباد کچہری دھماکا اور وانا کیڈٹ کالج پر دہشتگرد حملے کے خلاف مذمتی قرارداد پنجاب اسمبلی میں جمع کروا دی گئی۔قرارداد مسلم لیگ ن کی رکن حنا پرویز بٹ کی جانب سے جمع کروائی گئی جس میں کہا گیا کہ ایوان اسلام آباد کچہری اور وانا کیڈٹ کالج پر دہشتگردوں کے حملوں کی شدید مذمت کرتا ہے، ایوان حملوں میں شہید ہونے والوں کے اہلخانہ سے دلی ہمدردی و تعزیت کا اظہار کرتا ہے۔قرارداد کے متن میں کہا گیا کہ دہشتگردوں نے وانا میں معصوم طلبہ کو نشانہ بنانے کی ناکام کوشش کی تاہم کامیاب آپریشن پر پاک فوج کو خراجِ تحسین پیش کیا جاتا ہے جس نے انتہائی پروفیشنل انداز میں آپریشن کرتے ہوئے تمام طلبہ و اساتذہ کو بحفاظت ریسکیو کیا۔اس میں کہا گیا کہ بھارتی پراکسیز اور افغان عبوری رجیم کے دہشتگرد حملوں میں ملوث ہونے کے ناقابل تردید ثبوت ہیں، پاکستان نے دوست ممالک کے کہنے پر افغانستان سے خلوص نیت سے مذاکرات کیے لیکن افغان طالبان رجیم بھارت کی پراکسیز کا کردار ادا کر رہی ہے۔حنا پرویز بٹ نے اپنی قرارداد میں مطالبہ کیا کہ نیشنل ایکشن پلان کے تمام نکات پر من و عن عملدرآمد کیا جائے، دہشتگردی کے مکمل خاتمے کیلیے قومی اتفاق رائے پیدا کیا جائے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی