کور کمانڈر لاہور لیفٹیننٹ جنرل فیاض حسین شاہ نے نیشنل کالج آف آرٹس (این سی اے) لاہور کا خصوصی دورہ کیا جہاں انہوں نے طلبہ اور اساتذہ سے ملاقات کی، دورے کے موقع پر ایک خصوصی نشست کا بھی انعقاد کیا گیا۔کور کمانڈر لاہور نے اپنے خطاب کے دوران کہا کہ نوجوان قوم کے روشن مستقبل کی حقیقی علامت ہیں اور یہ ہماری اجتماعی ذمہ داری ہے کہ ہم اپنے پیارے وطن کو محفوظ اور مضبوط بنائیں۔ پوری قوم پاک فوج کا فخر ہے اور دشمن پاک فوج اور عوام کے مضبوط اور ناقابلِ شکست رشتے سے خائف ہے،آپریشن بنیان المرصوص نے ایک بار پھر یہ ثابت کر دیا ہے کہ قوم اور پاک فوج سیسہ پلائی دیوار کی مانند متحد ہیں، دشمن کی تمام تر سازشوں کے باوجود قومی اتحاد ہماری سب سے بڑی طاقت ہے۔ کورکمانڈر لاہورنے ملک کی سب سے قدیم اور سب سے بڑی یونیورسٹی کے دورے کو اعزاز قرار دیا اور طلبا کی جانب سے گرمجوش استقبال اور پیار کو انمول قرار دیا۔انہوں نے اساتذہ کو خراج تحسین پیش کیا اور انہیں قوم کا معمار قرار دیا ۔
حالیہ تنازع کے دوران سامنے آنے والے انفارمیشن ٹیکنالوجی اور جدید علوم کے اہم کردار پر روشنی ڈالی۔دورے کے دوران کور کمانڈر لاہور نے نیشنل کالج آف آرٹس میں آپریشن بنیان المرصوص ہالز کا باضابطہ افتتاح بھی کیا، پاک افواج کے اعزاز میں طلبہ کی جانب سے تیار کردہ شاندار پینٹنگز کی نمائش کا جائزہ لیا جن میں معرکہ حق کی کامیابیوں اور شہدا کی عظیم قربانیوں کو نمایاں انداز میں پیش کیا گیا تھا۔نشست کے اختتام پر طلبہ نے پاک فوج سے مکمل یکجہتی کا اظہار کیا، معرکہ حق کے بعد پاکستان عالمی بیلنس آف پاور میں ایک موثر طاقت کے طور پر ابھرا ہے اور پاک افواج کی قربانیوں کی بدولت پاکستان آج دنیا میں عزت و وقار کے ساتھ کھڑا ہے۔مزید برآں طلبہ نے اس عزم کا اظہار بھی کیا کہ وہ دشمن کے ہر قسم کے پروپیگنڈے کو مسترد کرتے ہوئے ہمیشہ پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑے رہیں گے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی