لاہور کے علاقے مصطفی آباد میں شوہر کو دوسری شادی سے روکنے پر خاتون کو مبینہ طور پر اس کے شوہر سے نکاح کی خواہش مند خاتون اور اس کے مرد ساتھیوں نے تشدد کا نشانہ بنا ڈالا۔واقعے کی اطلاع پر چیئرپرسن پنجاب ویمن پروٹیکشن اتھارٹی حنا پرویز بٹ نے متاثرہ خاتون کے گھر کا دورہ کیا اور واقعے کی تفصیلات حاصل کیں۔ انہوں نے پولیس حکام کو ہدایت کی کہ تمام نامزد ملزمان کو فوری طور پر گرفتار کیا جائے۔حنا پرویز بٹ نے متاثرہ خاتون اور اس کی والدہ سے ملاقات کر کے انہیں مکمل قانونی، طبی اور نفسیاتی مدد فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ان کا کہنا تھا کہ کسی خاتون کے گھر میں گھس کر تشدد کرنا انتہائی قابلِ مذمت عمل ہے، ایسے عناصر کو قانون کے مطابق سخت سزا دی جائے گی۔چیئرپرسن نے مزید کہا کہ خواتین کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، اور وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کا وژن "خواتین کے لیے محفوظ پنجاب" ہی ہمارا مشن ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی