کیلاش قبیلے کا مذہبی و ثقافتی تہوار چاموس کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہو گیا۔ترجمان محکمہ سیاحت کے مطابق یہ تہوار کیلاش کی تینوں وادیوں رمبور، بریر اور بمبوریت میں روایتی جوش و خروش کے ساتھ منایا گیا۔چاموس تہوار کے دوران مختلف مذہبی رسومات ادا کی گئیں جو کیلاش ثقافت اور عقائد کا اہم حصہ ہیں، فیسٹیول میں ملکی اور غیر ملکی سیاحوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور کیلاش ثقافت کو قریب سے دیکھنے کا موقع حاصل کیا۔محکمہ سیاحت کے مطابق فیسٹیول کے دوران ٹورازم پولیس نے سیاحوں کو سہولیات فراہم کیں جبکہ لواری ٹنل اور کیلاش وادیوں کو جانے والے راستوں پر پولیس کی جانب سے سکیورٹی اور ٹریفک ڈیوٹیاں انجام دی گئیں۔ترجمان کا کہنا ہے کہ چاموس تہوار کو موسمِ سرما کے استقبال، خوشی اور امن کی علامت کے طور پر منایا جاتا ہے، اس موقع پر آپس میں محبت بانٹنے، اتحاد اور امن کا پیغام دینے کے لیے پھل، سبزیاں اور خشک میوہ جات تقسیم کیے گئے۔محکمہ سیاحت کے مطابق کیلاش ڈیویلپمنٹ اتھارٹی کی جانب سے بھی سیاحوں کے لیے مختلف سہولیات فراہم کی گئیں تاکہ تہوار کو پرامن اور خوشگوار ماحول میں منایا جا سکے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی