وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ چھوٹے کسانوں کیلئے بلاسود قرض اور مالیاتی رسائی میں توسیع کی جارہی ہے۔وزیر خزانہ نے واشنگٹن میں ورلڈ بینک فورم میں شرکت کی اور پاکستان کی زرعی و ماحولیاتی اصلاحات پر گفتگو کی۔انہوں نے کہا کہ حکومت زرعی فناسنگ کے لئے سبسڈی اور فسٹ لاس گارنٹی اسکیم پر عمل پیرا ہے، ماحولیاتی تبدیلی کے خطرات سے نمٹنے کیلئے حکومت لائحہ عمل بنا رہی ہے۔محمد اورنگزیب نے کہا کہ زراعت معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہے، جی ڈی پی کا چوتھائی حصہ فراہم کرتی ہے، حکومت کی توجہ کنٹرول سے سہولت اور بااختیار بنانے پر منتقل ہوچکی ہے۔وزیر خزانہ نے کہا کہ نجی شعبہ زرعی ترقی میں کلیدی کردار ادا کرے گا، زراعت میں پیداوار، فنانس اور ویلیو چین ترقی کیلئے اصلاحات جاری ہیں، بہتر بیچ، کھاد، ایگرو سروسز اور سیٹلائٹ مانیٹرنگ سے فصلوں کی پیداوار میں اضافہ ہوگا۔محمد اورنگزیب نے مزید کہا کہ زراعت مکمل ویلیو چین کے ساتھ جی ڈی پی کا 40 فیصد حصہ فراہم کرتی ہے۔انہوں نے کہا کہ سیلابی نقصانات کے بعد 10 سالہ کنٹری پارٹنر شپ فریم ورک پر عملدرآمد جاری ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی