محکمہ انسداد دہشت گردی )(سی ٹی ڈی) نے بنوں میں آپریشن کرتے ہوئے فتنہ الخوارج کے انتہائی مطلوب 2 ٹارگٹ کلرز کو ہلاک کردیا۔سی ٹی ڈی ترجمان کے مطابق سی ٹی ڈی نے بنوں میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر کارروائی کی اور فتنہ الخوارج کے 2 ٹارگٹ کلرز ہلاک کردیئے۔ ہلاک دہشت گردوں سے کلاشنکوف، پستول، ہینڈ گرینیڈ، موبائل فونز اور کالعدم تنظیم کے کارڈز برآمد ہوئے جبکہ دہشت گردوں کے دیگر 2 ساتھی رات کی تاریکی میں فرار ہوگئے۔دریں اثنا بنوں سے اغوا کیے گئے ایس ایچ او عابد وزیر کی لاش برآمد ہوگئی، عابد وزیر کو 3 دن قبل نامعلوم افراد نے اغوا کیا تھا۔ رپورٹ کے مطابق بنوں سے اغوا کیے گئے ایس ایچ او عابد وزیر کی لاش تھانہ کینٹ کی حدود داد شاہ سے برآمد ہوگئی، پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر تفتیش شروع کردی، عابد وزیر کو 3 روز قبل اغوا کیا گیا تھا۔یاد رہے کہ بنوں تھانہ احمد زئی پر پیر کی رات دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنا دیا گیا تھا، پولیس کی بروقت جوابی کارروائی سے دہشت گرد پسپا ہوگئے تھے۔کارروائی میں متعدد دہشت گرد ہلاک اور زخمی ہوئے جنہیں ان کے ساتھی اپنے ساتھ لے گئے تھے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی