i پاکستان

بنوں ،میں تھانہ بسیہ خیل کے قریب موٹرسائیکل سوار خودکش بمبار نے خود کو دھماکے سے اڑا دیا، خودکش بمبار کے علاوہ کوئی جانی نقصان نہیں ہواتازترین

November 18, 2025

خیبرپختونخوا کے ضلع بنوں میں تھانہ بسیہ خیل کے قریب دوہ غوڑا پل پر موٹرسائیکل سوار خودکش بمبار نے خود کو دھماکے سے اڑا دیا،حملے میں خودکش بمبار کے علاوہ کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ،جائے وقوعہ سے موٹرسائیکل اور ایک لاش برآمدہوئی ہے ۔ پولیس کا کہنا ہے کہ دھماکے میں صرف خودکش حملہ آورمارا گیا، مزید کوئی ہلاکت نہیں ہوئی، دھماکے کے بعد پولیس کی بھاری نفری نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر علاقے کو سیل کر دیا ، پولیس نے دھماکے کی نوعیت معلوم کرنے کیلئے تحقیقات کا آغاز کر دیا۔۔ ڈی آئی جی بنوں ریجن سجاد خان نے اپنے بیان میں کہا کہ دہشتگرد دوا غاڑہ پل پر آئی ای ڈی نصب کر رہا تھا کہ اچانک دھماکا ہوا جس سے وہ خود نشانہ بن گیا۔سجاد خان نے بتایا کہ 8 سے 10 کلو بارودی مواد کی آئی ای ڈی پولیس کیلئے نصب کی جا رہی تھی۔واضح رہے کہ ہفتے کے روز پولیس اور شہریوں نے لکی بانڈری پر آپریشن کرتے ہوئے 5 دہشتگردوں کو ہلاک کیا تھا، ڈی آئی جی بنوں ریجن سجاد خان نے آپریشن کی قیادت کی تھی۔سجاد خان نے بتایا تھا کہ عوام نے بھی اس آپریشن میں پولیس کے شانہ بشانہ بھرپور حصہ لیا، دہشتگردی کے خلاف جنگ میں عوام اور پولیس کا یہ اتحاد اہم کردار ادا کر رہا ہے۔انہوں نے کہا تھا کہ علاقے میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے، ان شا اللہ عوامی طاقت سے ہی دہشتگردوں کا خاتمہ کریں گے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی