خیبر پختونخوا میں پولیس، سی ٹی ڈی اور فورسز کے کامیاب آپریشنز کے دوران 3 اہم کمانڈرز سمیت فتنہ الخوارج کے 17 دہشتگرد ہلاک کردئیے گئے۔سکیورٹی ذرائع کے مطابق بنوں ریجن کے مختلف علاقوں میں مقامی پولیس، سی ٹی ڈی، کوئیک رسپانس فورس اور سکیورٹی فورسز کے کامیاب آپریشنز میں 3اہم کمانڈرز سمیت 17 دہشتگرد جہنم واصل گئے جب کہ متعدد دیگر زخمی ہوئے۔ہلاک دہشت گردوں سے بڑی تعداد میں اسلحہ، ایمونیشن برآمد ہوا جب کہ فتنہ الخوارج کی مقامی کمانڈ پر بھی کاری ضرب لگی، جس میں اہم کمانڈرز ہلاک کردئیے گئے۔واضح رہے کہ تمام کارروائیوں میں پولیس اور سکیورٹی فورسز کی نفری محفوظ رہی جب کہ اہل علاقہ کا بھی ان آپریشنز میں بھرپور تعاون بھی حاصل رہا۔ سیکورٹی ذرائع کے مطابق شیری خیل، پکہ پہاڑ خیل میں فتنہ الخوارج کے جتھوں کی موجودگی پر لکی پولیس، سی ٹی ڈی بنوں اور سکیورٹی فورسز کے آپریشن میں 10 خارجی جہنم واصل ہوئے اور 5 زخمی ہو گئے، کارروائی میں ایک سہولت کار کو گرفتار بھی کرلیا گیا۔ہلاک 7 دہشت گردوں کی لاشیں برآمد ہوئیں جب کہ 3 کی لاشیں دشوار گزار پہاڑی علاقے میں ہونے کی وجہ سے نکالی نہیں جا سکیں، ہلاک دہشتگردوں میں فتنہ الخوارج کے کمانڈرز نیاز علی عرف اکاشا اور عبداللہ عرف شپونکوئی شامل ہیں جو پولیس اور سکیورٹی فورسز کو انتہائی مطلوب تھے۔
دوسری جانب نصر خیل کے علاقے میں بھی لکی پولیس، سی ٹی ڈی اور امن کمیٹی کی مشترکہ کارروائی میں ایک مطلوب دہشتگرد ہلاک ہوگیا، جہاں اہل علاقہ نے بھی اپنے محافظوں پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے دہشت گردوں کے خلاف ہتھیار اٹھا لئے ہیں۔ادھر بنوں کے علاقے ہوید میں بھی پولیس اور امن کمیٹیوں کا دہشت گردوں سے مقابلہ ہوا، جس میں دہشت گرد فرار ہو گئے۔اس کے علاوہ بنوں کے علاقے ڈومیل ہلال چوک میں سی ٹی ڈی کے اہلکاروں پر دہشت گردوں نے فائرنگ کردی،پولیس حکام کا کہنا ہے کہ پیچھا کرنے والی سی ٹی ڈی کی ٹیم پر حملہ کرنے کے بعد دہشتگردوں نے قریبی گھر میں پناہ لے لی تھی، اطلاع ملنے کے بعد پولیس کی مزید نفری بھی علاقے میں پہنچ گئی، اور دہشتگردوں کے خلاف جوابی کارروائی شروع کی گئی۔
حکام کے مطابق سی ٹی ڈی اور پولیس کی جوابی کارروائی کے دوران دہشت گردوں سے مزاحمت کرنے والے 2 شہری شہید ہوگئے، تاہم فورسز نے دہشتگردوں سے ڈٹ کر مقابلہ کیا،8 گھنٹے طویل آپریشن کے دوران جوابی کارروائی میں 6 دہشتگرد مارے گئے، جن کی لاشیں ہسپتال منتقل کی گئی ہیں،متعدد دہشت گرد زخمی بھی ہوئے۔پولیس حکام نے بتایا ہے کہ ہلاک ہونے والے دہشت گردوں سے ہتھیار اور گولا بارود بھی برآمد کرلیا گیا ہے۔حکام کا کہنا ہے کہ ہلاک دہشتگردوں میں سے ایک کی شناخت رسول عرف کمانڈر اریانہ کے نام سے ہوگئی ہے، جب کہ دیگر دہشت گردوں کی شناخت کی جا رہی ہے۔ دریں اثنا انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید نے بنوں ریجن پولیس، سی ٹی ڈی اور سکیورٹی فورسز کو کامیاب آپریشنز اور دہشت گردوں پر کاری ضرب لگانے پر خصوصی شاباش دی اور کہا کہ خیبرپختونخوا کی مٹی کو فتنہ الخوارج سے پاک کردیں گے، دہشتگردوں کا ان کی خفیہ پناہ گاہوں تک پیچھا کیا جائے گا۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی