i پاکستان

بلوچستان میں ڈیوٹی رپورٹ نہ کرنے والے لیویز اہلکاروں کی تنخواہیں روکنے کا حکمتازترین

November 14, 2025

بلوچستان پولیس نے اپنے اضلاع میں ڈیوٹی رپورٹ نہ کرنے والے لیویز اہلکاروں کی تنخواہیں روکنے کا حکم جاری کر دیا۔سینٹرل پولیس آفس بلوچستان کی جانب سے جاری مراسلے کے مطابق بعض لیویز اہلکار بارہا ہدایات کے باوجود اپنے متعلقہ اضلاع میں رپورٹ نہیں کر رہے، جس سے فورس کے نظم و ضبط اور عملی تیاری پر منفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔مراسلے میں واضح کیا گیا ہے کہ تمام متعلقہ ایس ایس پیز اور ایس پیز کو متعدد بار ہدایات دی گئیں کہ وہ اپنے اضلاع میں تعینات اہلکاروں کو فوری طور پر رپورٹ کرنے کا پابند بنائیں، تاہم مسلسل عدم تعمیل پر اب ان اہلکاروں کی تنخواہیں روکنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔مراسلے کے مطابق جو اہلکار اپنے مقررہ اضلاع میں تاحال رپورٹ نہیں کر سکے، ان کی تنخواہیں آئندہ احکامات تک معطل رکھی جائیں گی۔یہ حکم نامہ ایڈیشنل انسپکٹر جنرل پولیس (اسٹیبلشمنٹ) عنایت اللہ بنگلزئی نے انسپکٹر جنرل پولیس بلوچستان کی جانب سے جاری کیا گیا ہے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی