i پاکستان

بین الپارلیمانی سپیکرز کانفرنس میں شرکت کے لیے متعدد ممالک کے پارلیمانی وفود اسلام آباد پہنچ گئےتازترین

November 10, 2025

بین الپارلیمانی سپیکرز کانفرنس میں شرکت کے لیے متعدد ممالک کے پارلیمانی وفود سعودی عرب، کینیا، فلسطین، مراکش، روانڈا، مالدیپ، ملائشیا، فلپائن، الجیریا، بارباڈوس اور سربیا کے وفود نے کانفرنس میں شرکت کے لیے پہنچ گئے ۔پیر کو سینیٹ سیکرٹریٹ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق سعودی عرب کے وفد کی سربراہی نائب چیئرمین شوری کونسل عبداللہ بن عدم فلاتعہ کر رہے ہیں جبکہ وفد میں ڈاکٹر عثمان ہاکامانی، عبداللہ اطلاس اور ڈاکٹر معین المدنی شامل ہیں۔کینیا کے وفد کی قیادت ڈپٹی سپیکر فراح مالم محمد، فلسطین کے وفد کی سربراہی سپیکر قومی کونسل روحی احمد محمد فتوح، مراکش کے وفد کی قیادت سپیکر ہاس آف کونسلرز محمد ولد الرشید کر رہے ہیں۔روانڈا کے وفد کی سربراہی صدر سینیٹ فرانکیوس ژیویر، مالدیپ کے وفد کی قیادت سپیکر پارلیمان عبد الرحیم عبداللہ، اور ملائیشیا کے وفد کی سربراہی ایوان بالا کے نائب صدر نور جزلان بن محمد کر رہے ہیں۔

الجیریا کے وفد کی قیادت رکن پارلیمنٹ سعد اروس، بارباڈوس کے وفد کی قیادت اسپیکر آرتھر یوجین ہولڈر جبکہ سیربیا کے وفد کی قیادت ڈپٹی سپیکر ایڈن ڈرلیک کر رہے ہیں۔ایئرپورٹ پر وفود کا پرتپاک استقبال سینیٹر ندیم احمد بھٹو، سینیٹر سرمد علی اور سینیٹ سیکرٹریٹ کے سینئر افسران نے کیا۔وفود کے معاون عملے اور اعلی حکام بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔یہ کانفرنس چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی کی دور اندیش قیادت اور بین الاقوامی پارلیمانی تعاون کے فروغ کی علامت ہے۔بین الپارلیمانی سپیکرز کانفرنس 11 تا 12 نومبر 2025 تک اسلام آباد میں جاری رہے گی۔یہ عالمی ایونٹ امن، باہمی تعاون اور پارلیمانی سفارتکاری کے فروغ میں اہم سنگِ میل ثابت ہوگا، اور مختلف ممالک کے پارلیمانی اداروں کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط بنائے گا۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی