i پاکستان

بڑے ہوائی اڈے بھی نجکاری کیلئے پیش، اے کے ڈی گروپ پی آئی اے کے خریداروں میں شاملتازترین

November 08, 2025

بورڈ آف پرائیویٹائزیشن کمیشن نے پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز کارپوریشن لمیٹڈ(پی آئی اے سی ایل)کی نجکاری اور اسلام آباد، لاہور، اور کراچی انٹرنیشنل ایئرپورٹس کے انتظام کے حوالے سے اہم فیصلے کرلیے۔وزیرِاعظم کے مشیر برائے نجکاری کی زیر صدارت اجلاس ہوا، جس میں عارف حبیب کارپوریشن لمیٹڈ (اے ایچ سی ایل)کی قیادت کے حامل کنسورشیم کی درخواست پر کنسورشیم میں اے کے ڈی ہولڈنگز پرائیوٹ لمیٹڈ کو شامل کرنے کی منظوری دی گئی۔بورڈ نے کابینہ کمیٹی برائے نجکاری کو بھی سفارش کی کہ اسلام آباد، لاہور، اور کراچی ایئرپورٹس کو نجکاری پروگرام میں شامل کیا جائے، اس تجویز کے تحت ایئرپورٹس کے انتظام کو طویل مدتی کنسیشن کی بنیاد پر پیش کیا جائے گا، تاکہ عملی کارکردگی میں بہتری اور سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کی جا سکے۔

ہائوس بلڈنگ فنانس کمپنی لمیٹڈ (ایچ بی ایف سی ایل) کی نجکاری کے لیے، بورڈ نے حوالہ جاتی قیمت کی منظوری دی اور سیل پرچیز ایگریمنٹ کی شرائط کو سی سی او پی کو جمع کروانے کے لیے حتمی شکل دی۔ایچ بی ایف سی ایل کے لین دین کو پاکستان مارٹیج ری فنانس کمپنی لمیٹڈ کو نیگوشیئٹڈ سیل کے ذریعے انجام دیا جا رہا ہے، جو پری کوالیفائیڈ بولی دہندہ ہے۔سی سی او پی اور وفاقی کابینہ نے جولائی 2023 میں پہلے ہی ایک پری کوالیفائیڈ بولی دہندہ کو نیگوشیئٹڈ سیل کے ذریعے آگے بڑھنے کی منظوری دی تھی۔پی ایم آر سی ایل کی بولی حوالہ جاتی قیمت کی سی سی او پی سے منظوری اور کابینہ کی توثیق کے بعد کھولی جائے گی۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی