i پاکستان

اسلام آباد اور وانا واقعے کی تحقیقات کے ٹھوس شواہد بین الاقوامی فورمز کیساتھ شیئر کیے جائیں گے، عطاتارڑتازترین

November 12, 2025

وفاقی وزیراطلاعات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ اسلام آباد اور وانا واقعے کی تحقیقات ہوگی، جو بھی دہشت گردی میں ملوث ہوا اس کو دنیا کے سامنے بے نقاب کریں گے،پاک فوج کا وانا کیڈٹ کالج میں دہشت گردوں کے خلاف کامیاب آپریشن عالمی سطح پر اس طرح کی کارروائیوں کیلئے ایک نمونہ بن جائے گا،ہمارا ایک ہی مطالبہ رہا ہے کہ افغانستان کی سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال نہ ہو۔ اپنے ایک بیان میں وفاقی وزیراطلاعات نے وانا کیڈٹ کالج پر حملہ آور دہشت گروں کے خلاف کامیاب آپریشن پر افواج پاکستان کو خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ مشکل اور حساس آپریشن تھا، اے پی ایس سے بھی دس گنا بڑا واقعہ ہوسکتا تھا، بڑی مہارت سے طلبا کی جانیں بچائی گئی ہیں، 550 طلبا کو کامیابی سے ریسکیو کر لیا گیا ہے، یہ بہت بڑی کامیابی ہے، کامیاب آپریشن پرافواج پاکستان کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔وفاقی وزیراطلاعات عطا تارڑ نے کہا کہ پاکستان نے حال ہی میں بھارت اور افغانستان سے جنگیں جیتی ہیں، ہمارا ایک ہی مطالبہ رہا ہے کہ افغانستان کی سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال نہ ہو اور افغانستان سے دہشت گردوں کی سہولت کاری بند ہو۔عطا تارڑ نے کہا کہ اسلام آباد اور وانا واقعے کی تحقیقات ہوگی،ٹھوس شواہد دوست ممالک اوربین الاقوامی فورمز کے ساتھ شیئرکیے جائیں گے۔ دہشت گرد واقعات کے مزید شواہد کے بعد لائحہ عمل بنایاجائے گا، جوبھی ملوث ہوا اس کو دنیا کے سامنے بے نقاب کریں گے۔وفاقی وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ پاک فوج کا وانا کیڈٹ کالج میں دہشت گردوں کے خلاف کامیاب آپریشن عالمی سطح پر اس طرح کی کارروائیوں کے لیے ایک نمونہ بن جائے گا۔

انہوں نے اس آپریشن کی جرات اور حکمت عملی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ یہ آپریشن دنیا کی ملٹری اکیڈمیز میں پڑھایا جائے گا۔عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ پاک فوج نے وانا کیڈٹ کالج کے طلبا کو بے پناہ بہادری سے بچایا اور اس آپریشن میں نہ صرف طالب علموں کی جانیں بچائیں بلکہ کسی بڑے نقصان کو بھی ہونے سے بچایا۔ان کا کہنا تھا کہ خدانخواستہ اگر یہ آپریشن کامیاب نہ ہوتا تو 500 سے 700 طلبا کا ناقابل تلافی نقصان ہو سکتا تھا۔عطا تارڑ نے مزید کہا کہ دہشت گرد آسان اہداف کو نشانہ بنا رہے ہیں اور حکومت دہشت گردوں کا خاتمہ کیے بغیر چین سے نہیں بیٹھے گی۔ اس آپریشن کے ذریعے دہشت گردوں کی کارروائیوں کا قلع قمع کرنے کے عزم کو ظاہر کیا گیا ہے، اور اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ ہم اپنی سرزمین کی حفاظت کے لئے کسی بھی حد تک جا سکتے ہیں۔وفاقی وزیر نے اس بات پر زور دیا کہ دہشت گردی کے خلاف پاکستان کے موقف کو عالمی فورمز اور دوست ممالک کے ساتھ شیئر کیا جائے گا۔ پاکستان نے بھارت اور افغانستان کے خلاف جنگوں میں کامیابیاں حاصل کی ہیں، اور ہمارا ایک ہی مطالبہ رہا ہے کہ افغانستان کی سرزمین پاکستان کے خلاف دہشت گردی کے لیے استعمال نہ ہو۔انہوں نے پاک فوج کے افسران اور جوانوں کی جرات کی بھرپور تعریف کی اور کہا کہ اس آپریشن نے نہ صرف پاکستان کی فوج کی صلاحیتوں کو ثابت کیا بلکہ دہشت گردوں کے خاتمے کیلئے حکومت کا عزم بھی واضح کر دیا۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی