اسلام آباد ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن باضابطہ طور پر اپنی نئی تعمیر شدہ بلڈنگ میں منتقل ہو گئی جس کے بعد بار کے تمام دفتری امور اور سرگرمیاں نئی عمارت میں سرانجام دی جائیں گی۔اس حوالے سے سیکرٹری اسلام آباد ہائی کورٹ بار منظور ججہ کی جانب سے باضابطہ اعلامیہ بھی جاری کر دیا گیا ہے۔اعلامیہ کے مطابق ہائی کورٹ بار نے نئی بلڈنگ میں ہی ایگزیکٹو باڈی کا اجلاس طلب کیا گیا جبکہ سابق صدور اور سابق سیکرٹریز کا اجلاس بھی نئی عمارت میں منعقد ہو ا ۔بار کابینہ کی طویل محنت، بہترین منصوبہ بندی اور موثر انتظامی کاوشوں کے نتیجے میں ایسوسی ایشن کی مستقل عمارت جو جی 5 شاہرائے دستور اسلام آباد میں واقع ہے مکمل طور پر فعال کر دی گئی ہے۔اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ نئی عمارت وکلا برادری کو بہتر، جدید اور موثر سہولیات فراہم کرنے کے مقصد سے قائم کی گئی ہے جہاں بہتر انفرااسٹرکچر، منظم دفاتر، کانفرنس رومز، ان ہاس سہولیات اور مربوط انتظامی نظام کے تحت خدمات فراہم کی جائیں گی۔اعلامیہ میں مزید کہا گیا ہے کہ بار سے متعلق تمام سرکاری، پیشہ ورانہ اور انتظامی معاملات بشمول درخواستیں، تصدیق، میٹنگز اور دیگر دفتری امور اب صرف نئی بلڈنگ میں ہی نمٹائے جائیں گے، وکلا سے درخواست کی گئی ہے کہ پرانی جگہ پر کوئی دفتری کارروائی نہیں ہوگی۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی