وفاقی وزیر تجارت سید نوید قمر نے کہا کہ معیشت کو موجودہ بحران سے نکالنے کے لیے تاجر برادری کا کردار بہت اہم ہے اور حکومت کاروبار کرنے میں آسانیاں پیدا کرنے کے لیے تمام ممکن اقدامات کرے گی تاکہ بزنس کمیونٹی کو کاروباری سرگرمیوں کو فروغ دینے میں سہولت ہو۔ انہوں نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی جانب سے نئے صنعتی زون کے قیام اور دارالحکومت میں ایک ایکسپو سینٹر کی تعمیر کی کوششوں کو سراہتے ہوئے یقین دلایا کہ وہ ان منصوبوں کو عملی جامہ پہنانے کے لیے چیمبر کے ساتھ ہرممکن تعاون کریں گے کیونکہ ان اہم منصوبوں کی تکمیل سے صنعت کاری میں اضافہ ہو گا اور ملک کی تجارت و برآمدات بہتر ہوں گی۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے دورے کے موقع پر تاجر برادری سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے اس موقع پر آئی سی سی آئی کی پہلی منزل پر سید نوید قمر ہال کا افتتاح بھی کیا۔وفاقی وزیر تجارت نے چیمبر کی جانب سے تاجر برادری کے لیے ایک ایف ایم ریڈیو چینل شروع کرنے کے منصوبے کا خیرمقدم کیا جس کے ذریعے بزنس کمیونٹی کیلئے تجارتی قوانین و ضوابط اور برآمدات کی اہمیت سمیت دیگر کاروباری امور کے بارے میں معلوماتی پروگرام نشر کئے جائیں گے اور یقین دلایا کہ وہ اس منصوبے کی تکمیل کیلئے بھی چیمبر کے ساتھ تعاون کریں گے۔اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احسن ظفر بختاوری نے وفاقی وزیر تجارت کو خطے میں ایک نئے صنعتی زون کی اہمیت سے آگاہ کیا کیونکہ دارالحکومت میں موجودہ انڈسٹریل ایریاز میں مزید صنعتیں لگانے کی گنجائش نہیں رہی جس وجہ سے نئے سرمایہ کاروں کو مشکلات کا سامنا ہے۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ حکومت کو اس قومی اہمیت کے اہم منصوبے کو جلد از جلد مکمل کرنے کے لیے زمین کی نشاندہی اور حصول میں چیمبر کے ساتھ تعاون کرے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو موجودہ معاشی بحران سے نکالنے کا سب سے بہتر طریقہ برآمدات کو تیزی سے فروغ دینا ہے اور اسی مقصد کے پیش نظر چیمبر اسلام آباد میں کراچی اور لاہور کی طرز پر ایک جدید ایکسپو سنٹر تعمیر کرنا چاہتا ہے تا کہ پاکستان کی برآمداتی مصنوعات کی نمائش کر کے برآمدات کو بہتر کیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ سی ڈی اے نے اس منصوبے کیلئے چیمبر کو زمین فراہم کرنے کی رضامندی ظاہر کی ہے جبکہ حکومت کی معاونت سے اس منصوبے کو جلد مکمل کرنے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے بزنس کمیونٹی کی سہولت کے لیے چیمبر کی طرف سے ایک ایف ایم ریڈیو چینل شروع کرنے کے منصوبے کے بارے میں بھی وفاقی وزیر تجارت کو بریفنگ دی اور امید ظاہر کی کہ حکومت اس سلسلے میں چیمبر کے ساتھ تعاون کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ اس چینل کے ذریعے کاروباری طبقے کے علاوہ سکولوں، کالجوں اور یونیورسٹیوں میں برآمدات کے فروغ کیلئے نئی نسل میں بہتر شعور اور آگاہی پیدا ہو گی۔ چیمبر کے سینئر نائب صدر فاد وحید نے کہا کہ اسلام آباد میں نئے صنعتی یونٹس کے لیے جگہ نہ ہونے کی وجہ سے بہت سے سرمایہ کار دوسرے علاقوں کی طرف منتقل ہو رہے ہیں اور کہا کہ حکومت کی جانب سے نئے صنعتی زون کے لیے تعاون اس خطے میں مزید سرمایہ کاری کو فروغ دے گا۔ چیمبر کے نائب صدر انجینئر اظہر الاسلام ظفر نے کہا کہ وزارت تجارت آئی سی سی آئی سمیت ملک کے چیمبرز آف کامرس کی مشاورت سے نئی ٹریڈ اور ایکسپورٹ پالیسیاں تشکیل دے جن کے فائدہ مند نتائج برآمد ہوں گی۔ خالد اقبال ملک گروپ لیڈر، ظفر بختاوری سابق صدر و سیکرٹری جنرل یو بی جی، زبیر احمد ملک اور محمد اعجاز عباسی سابق صدور اور دیگر نے بھی وفاقی وزیر تجارت سے تاجر برادری کے بہت سے مسائل پر تبادلہ خیال کیا اور ان کے حل کے لیے تعاون کی درخوخواست کی۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی