انڈونیشیا کے صدر پرابوو وسوبیانتو دورہ پاکستان مکمل کرکے اپنے وطن واپس روانہ ہو گئے ۔ وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر نے معزز مہمان کو الوداع کیا۔انڈونیشیا کے صدر کے دو روزہ دورہ پاکستان کے جاری اعلامیہ کے مطابق انڈونیشین صدر نے دورہ پاکستان کے دوران صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقاتیں کیں۔اس دورے کے دوران صدر پرابوو وسوبیانتو کو صدر مملکت آصف علی زرداری نے سول اعزاز نشان پاکستان سے بھی نوازا۔انڈونیشیا کے صدرنے دورہ پاکستان کے دوران تجارت، دفاع اور ٹیکنالوجی میں تعاون بڑھانے پراتفاق کیا جب کہ اس موقع پر مختلف معاہدوں اور ایم او یوز پر دستخط بھی ہوئے۔
اعلامیہ کے مطابق ملاقاتوں میں دوطرفہ تعاون مزید مضبوط بنانے کے مشترکہ عزم کا اعادہ کیا گیا ۔مشترکہ مذاکراتی کمیٹی کا جلد از جلد اجلاس منعقد کرنے ، زرعی اور صنعتی سامان،پام آئل، آلات جراحی شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا، حلال فوڈ انڈسٹری اور اسلامک فنانس میں تعاون کی اہمیت پر بھی زور دیا گیا، دفاعی تعاون اور فوجی تربیتی اداروں کے درمیان تبادلوں میں مزید اضافے پر اتفاق کیا گیا۔انڈونیشین فریق نے دونوں ممالک کے درمیان جاری دفاعی تعلیم اور تربیتی تعاون کو سراہا، دفاعی صنعت میں تعاون کے ساتھ بحری اور ہوابازی سے متعلق تربیت پر بھی اتفاق کیا گیا، پاکستان نے قومی صحت کے شعبے میں بہتری کیلئے انڈونیشیا کی کوششوں کو سراہا، دواسازی ہیلتھ ایمرجنسی سمیت وبائی امراض کیلئے ویکسین کی تیاری کیلئیتعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی