الیکشن کمیشن آف پاکستان نے اسلام آباد بلدیاتی انتخابات کرانے کا حکم دے دیا۔الیکشن کمیشن نے اسلام آباد بلدیاتی انتخابات سے متعلق محفوظ فیصلہ جاری کر دیا، فیصلے کے مطابق اسلام آباد لوکل گورنمنٹ ایکٹ شق 15 آئین کے خلاف ہے۔فیصلے کے مطابق سیکرٹری لوکل گورنمنٹ کا مخصوص نشستوں پر انتخاب آئین کی خلاف ورزی ہے، ریٹرننگ آفسر کا تقرر آئین اور قانون کے مطابق الیکشن کمیشن کا اختیار ہے۔ فیصلے کے مطابق الیکشن کمیشن مقامی حکومت کے انتخابات کیلئے سرکاری افسران، عدلیہ یا سرکاری ادارے سے ریٹرننگ آفیسر(آر او) ، ڈپٹی ریٹرننگ آفیسر (ڈی آر او) اور اسسٹنٹ ریٹرننگ آفیسر (اے آر او) تعینات کر سکتا ہے۔الیکشن کمیشن کی جانب سے متعلقہ برانچ کو اسلام آباد لوکل گورنمنٹ شیڈول جاری کرنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔واضح رہے کہ اسلام آباد میں بلدیاتی حکومت کی معیاد 14 فروری 2021 کو مکمل ہوئی تھی۔ الیکشن کمیشن بلدیاتی حکومت کی معیاد مکمل ہونے کے 120 دن کے اندر الیکشن کرانے کا پابند ہے لیکن اس کے باوجود اسلام آباد میں 2021 کے بعد سے اب تک الیکشن نہیں ہو سکے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی