ایندھن سپلائی چین کی مکمل ڈیجیٹلائزیشن کے سلسلے میں بڑی کمپنیوں نے 95 فیصد کام مکمل کر لیا جبکہ اوگرا نے چھوٹی کمپنیوں کو بھی فوری طور پر ڈیجیٹلائزیشن کرنے کی ہدایت کردی۔ ترجمان اوگرا نے ایک نجی ٹی وی سے گفتگو میں تصدیق کی کہ 95 فیصد مارکیٹ میں بڑی شیئر ہولڈر کمپنیوں نے ڈیجیٹلائزیشن پر ہوم ورک مکمل کرلیا ہے۔ زیادہ تر کمپنیوں نے ای آر پی سسٹم لگا لیا جبکہ کچھ انسٹالیشن کے قریب ہیں۔ ای آر پی سسٹم کو اوگرا کے سسٹم کے ساتھ منسلک کیا جائے گا، اس سے ایندھن کی سپلائی چین کی مکمل ڈیجیٹل نگرانی ممکن ہوسکے گی ۔ترجمان اوگرا کے مطابق منصوبے کا مقصد اسمگلنگ اور ملاوٹ کا خاتمہ یقینی بناتے ہوئے شفافیت کو بڑھانا ہے ۔ چھوٹی آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کو بھی فوری طور پر ڈیجیٹلائزیشن مکمل کرنے کی ہدایت کردی گئی۔ اب تک 37 فیصد پیٹرول پمپس نے ڈیجیٹل پیمنٹ کی سہولت مہیا کردی ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی