i پاکستان

افغانستان میں دہشتگرد گروہوں کی غیر قانونی اسلحے تک رسائی پڑوسی ممالک کیلئے براہ راست خطرہ ہے، عاصم افتخارتازترین

November 11, 2025

پاکستان نے افغانستان میں مقیم دہشت گرد گروپس کو غیر قانونی اسلحے تک رسائی علاقائی امن اور پڑوسی ممالک کے لئیبراہ راست خطرہ قرار دیدیا۔یہ بات اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں پاکستانی مستقل مندوب عاصم افتخار نے سلامتی کونسل میں خطاب کرتے ہوئے کیا افغانستان میں جدید اسلحے اور گولہ بارود کے ذخائر کی موجودگی پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔پاکستانی مندوب نے واضح کیا کہ دہشت گرد افغانستان سے کھلے عام کارروائیاں کر رہے ہیں اور مصدقہ معلومات ہیں کہ یہ اسلحہ دہشت گردی کے مقاصد کے لئے پڑوسی ممالک میں اسمگل کرنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں، پاکستان افغانستان سرحد سے پکڑا گیا اسلحہ انہی ذخائر سے منسلک ہے جو غیر ملکی افواج کے انخلا کے بعد افغانستان میں چھوڑ دیا گیا تھا۔عاصم افتخار نے سلامتی کونسل کو بتایا کہ افغانستان میں موجود دہشت گرد گروہ، خصوصا داعش، تحریک طالبان پاکستان ، بلوچ لبریشن آرمی اور مجید بریگیڈ ان جدید ہتھیاروں کا استعمال پاکستان کے عام شہریوں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے خلاف کر رہے ہیں جس سے ہزاروں بے گناہ جانیں ضائع ہو چکی ہیں۔انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ دہشت گرد گروہوں کی اسلحے تک رسائی روکنے کے لئے موثر اقدامات کرے اور اس بات کو یقینی بنائے کہ افغان عبوری حکام اپنے بین الاقوامی وعدوں اور ذمہ داریوں کی پاسداری کریں۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی