i پاکستان

27 اکتوبر جموں وکشمیر کے عوام کیلئے سیاہ ترین دن ہے،وزیر اعظم آزادکشمیرانوار الحقتازترین

October 27, 2025

وزیراعظم آزاد وکشمیر چودھری انوارالحق نے کہاہے کہ 27 اکتوبر جموں وکشمیر کے عوام کیلئے سیاہ ترین دن ہے، بھارت نے تقسیم برصغیر کے اصولوں کی خلاف ورزی کی، عوام کی خواہشات کے برعکس کشمیر میں اپنی فوجیں اتار کر ایک حصے پر قبضہ کر لیا۔27اکتوبر یوم سیاہ کے حوالے سے اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ بھارت نے نام نہاد معاہدہ الحاق ہندوستان کو بنیاد بنا کر جموں وکشمیر پر اپنا دعوی کیا، جس کو اقوام متحدہ نے مسترد کیا، ہندوستان کے غیر قانونی اور جابرانہ قبضے کو ریاست جموں و کشمیر کے عوام نے کبھی قبول نہیں کیا، 27 اکتوبر کو لائن آف کنٹرول کے دونوں جانب اور دنیا بھر میں مقیم کشمیری یوم سیاہ کے طور پر مناتے ہیں، ہندوستان کے غاصبانہ قبضہ کے خلاف بھرپور احتجاج کرتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ ہندوستان مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں کر رہا ہے، نومبر 1947 میں ہندوستان کی افواج، ڈوگرہ فورسز، آر۔ایس۔ایس اور اکالی دل کے دہشت گردوں نے ڈھائی لاکھ کے قریب جموں کے مسلمانوں کو شہید کیا، 1989 کے بعد 96 ہزار سے زائد عام شہریوں کو شہید کیا جا چکا ہے۔چودھری انوار الحق نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے مسلمانوں کی جان، مال، عزت اور عصمت محفوظ نہیں رہی، مقبوضہ جموں وکشمیر کے عوام کی جدوجہد حق خودارادیت کیلئے ہے، یہ حق اقوام متحدہ کی قراردادوں میں کشمیری عوام کو دیا گیا ہے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی