i پاکستان

احتساب عدالت کے باہر شاہد خاقان کی میڈیا سے گفتگوتازترین

June 15, 2022


پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما و سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ عوام ابھی تکلیف برداشت کریں، بعد میں ملکی معاشی حالات میں استحکام ہوگا، اب سخت فیصلوں سے ملک میں معاشی حالات بہتر ہوں گے، ملک کے حکمران ملک کی معیشت کے خلاف فیصلے کرتے رہے۔ احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ عمران خان جھوٹ بولتے ہیں اور بولتے رہے، آئی ایم ایف سے غلط معاہدے عمران خان نے کیے اور اب ملک چلانے کے لیے سخت فیصلے لے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں احتساب کا نظام سب کے سامنے ہے اور یہ لوگ اب اپنے آخری قدم پر ہیں، نیب کا ادارہ جب تک ہے ملک نہیں چل سکتا۔ سابق وزیراعظم نے کہا کہ صدر صاحب اس ملک کے صدر ہیں یا ایک جماعت کے ورکر، وہ فیصلہ کر لیں کیونکہ صدر صاحب کے ان اقدامات سے ایک بری روایت پڑتی جا رہی ہے۔ صدر صاحب کہتے ہیں کہ الزام لگنے کے بعد وہ بندا ثبوت دے کہ اس پر لگے الزام غلط ہیں، ایک ملک کا صدر ایسا بیان دے رہا ہے، صدر مملکت پر حیرانگی ہے جو نیب قانون کے بارے میں ایسی بات کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ وہی جماعت ہے جو چیئرمین نیب کو قابو کرکے چار سال نام نہاد احتساب کرتی رہی لیکن اب ملک چلانا ہے تو نیب کو ختم کرنا ہوگا، چیئرمین نیب آٹھ ماہ ڈیلی ویجر کے طور پر کام کرکے گھر جا چکا ہے۔ شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ اس ملک کو چلانا ہے تو نیب کو ختم کرنا ہوگا، ملک کا صدر ملکی معاملات میں رکاوٹ نہیں بنتا لیکن موجودہ صدر کے فیصلے تاریخ میں یاد رکھے جائیں گے۔ احتساب کرنے والے کو اب ناگوار ہے خود احتسابی، چیئرمین نیب اپنے اثاثے پوری قوم کے سامنے رکھیں۔

کریڈٹ:
انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی