ڈپٹی کمشنر پشاور آفاق وزیر نے دیر کالونی اسکول واقعے کی شہدا کے لواحقین میں 2 کروڑ روپے سے زائد کے امدادی چیک تقسیم کردئیے۔گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کی ہدایت پر ڈپٹی کمشنر پشاور ڈاکٹر آفاق وزیر نے پورا دن غمزدہ خاندانوں کے ساتھ گزارا اور شہید بچوں کے والدین میں مجموعی طور پر 2 کروڑ 10 لاکھ روپے کے امدادی چیک تقسیم کیے جب کہ اس موقع پر متعلقہ افسران اور ریونیو حکام بھی موجود تھے۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ وہ لواحقین جو اپنے پیاروں کی تدفین کے لیے دوسرے اضلاع گئے ہوئے ہیں انہیں واپسی پر امدادی چیک فراہم کیے جائیں گے۔دوسری جانب ضلعی انتظامیہ کی ٹیمیں زخمی بچوں کی فہرستوں کی تصدیق کررہی ہیں تاکہ تمام زخمی بچوں کو بھی ایک دن کے اندر امداد فراہم کی جا سکے جبک ایس ایس پی آپریشنز نے دیرکالونی میں نجی اسکول کی چھت گرنے کے واقعے کی رپورٹ سی سی پی او کو ارسال کردی۔پولیس رپورٹ کے مطابق صبح 9 بج کر 5 منٹ پر اسکول کی چھت گرنے کی اطلاع ملی جس کے بعد ریسکیو 1122 اور دیگر متعلقہ محکموں کو طلب کرلیا گیا۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اسکول کی عمارت پرانی اور ناقص تعمیر کے باعث منہدم ہوئی۔پولیس کے مطابق واقعے کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے اور چھت گرنے کی اصل وجہ اور ذمہ داروں کے تعین کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔واضح رہیکہ پشاور کے علاقے دیر کالونی میں جمعرات کے روز نجی اسکول کی چھت گرنے کا واقعہ پیش آیا تھا جس میں 34 طلبہ اور ایک خاتون ٹیچر جاں بحق ہوئیں۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی