• Dublin, United States
  • |
  • Dec, 22nd, 24

شِنہوا پاکستان سروس

پاکستان اور چین کی تقدیر مشترکہ ہے: وزیراعظم شہبازشریفتازترین

November 03, 2022

بیجنگ(شِنہوا) وزیر اعظم شہبازشریف نے کہا ہے کہ  پاکستان  کامیابیوں اور ترقی کی مشترکہ منزل کو حاصل کرنے اور خطے اور پوری دنیا میں امن اور ہم آہنگی کو فروغ دینے کے لیے چین کے ساتھ مل کر کام کرے گا۔

وزیراعظم شہباز شریف کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ (سی پی سی) کی 20 ویں قومی کانگریس کے بعد چین کا دورہ کرنے والے پہلے غیر ملکی رہنماؤں میں ہیں جومنگل کو دوروزہ سرکاری دورے پر چین پہنچے تھے۔

شہبازشریف  نے پہلی بار1981 میں چین کا  دورہ کیا تھا  جس کے بعد انہوں نے اپنے کئی دوروں کے دوران چین میں آنے والی زبردست تبدیلی کا مشاہدہ کیا ۔ شِنہوا کو دیے گئے ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ آپ کو 1981 میں سڑکوں پربمشکل کوئی کار نظر آتی تھی ،صرف بسیں اور سائیکلیں ہی چلتی تھیں۔تاہم کئی سالوں میں پورا ملک بدل گیا ہے جو اس وقت دنیا کی دوسری سب سے بڑی معیشت ہے۔ یہ اپنی نوعیت کا ایک معجزہ ہے۔

انہوں نے کہاکہ ان کے  خیال میں یہ  کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ کی لگن، بصیرت انگیز قیادت، اس کے رہنماؤں، اس کے وژن اور قربانیوں کا ثمر ہے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ 20ویں سی پی سی نیشنل کانگریس نے پوری دنیا میں ایک بہت ہی طاقتور پیغام دیا کہ چین تسلسل اور استحکام اور پرامن بقائے باہمی کے ساتھ کھڑا ہے۔ غربت کے مکمل خاتمے، روزگار کے بہتر مواقع اور تعلیم اور صحت کی سہولیات کو بہتر بنانے میں چین کی کامیابیوں کو اجاگر کرتے ہوئے شہبازشریف نے کہا کہ شی جن پھنگ کا سی پی سی کی مرکزی کمیٹی کے جنرل سیکرٹری کے طور پر دوبارہ انتخاب نہ صرف چینی عوام بلکہ دوست ممالک اور عالمی سطح پر بھی اہمیت کاحامل ہے۔ . انہوں نے کہا کہ آج صدر شی کی قیادت میں، چین ایک ایسا ملک ہے جس کے بغیر دنیا آگے نہیں بڑھ سکتی۔ یہ کامیابیوں کا ایک عظیم احساس ہے اور یہ کہ پاکستان چین سے سیکھنے کی کوشش کر رہا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ انہیں اس میں کوئی شک نہیں کہ چین  دن دوگنی رات چوگنی ترقی کرے گا اور پاک چین دوستانہ تعلقات مزید گہرے اور مضبوط ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ سفارتی تعلقات کے قیام کے بعد سے پاکستان اور چین کے درمیان سات دہائیوں سے بے مثال اور منفرد دوستانہ  اورآہنی بھائی چارے کے تعلقات ہیں۔  دونوں ممالک نے باہمی اعتماد، احترام اور تعاون کی بنیاد پر تعلقات کو فروغ دیا ہے۔ شہبازشریف نے چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) کو پاکستان میں بجلی، توانائی، بنیادی ڈھانچے اور پبلک ٹرانسپورٹ کے شعبے کی ترقی میں ایک گیم چینجر کے طور پر سراہا۔ خود شہبازشریف نے سی پیک کے توانائی کے متعدد منصوبوں اور ملک کی پہلی میٹرو ٹرین سروس لاہور اورنج لائن کا ٹاسک مکمل کیاتھا۔ شینژن اسپیڈ کا حوالہ دیتے ہوئے شہبازشریف نے کہا کہ وہ یقین کے ساتھ کہنا چاہتے ہیں  کہ یہ سی پیک  کے تحت توانائی کے منصوبے چین کے مقابلے میں زیادہ تیزی سے مکمل ہوئے اور کام شروع کیا گیا۔ اسے ہم پاکستان اسپیڈ کہتے ہیں۔