لاس اینجلس (شِنہوا) امریکی خلائی ادارے ناسا اور اسپیس ایکس نے امریکی ریاست فلوریڈا سے بین الاقوامی خلائی اسٹیشن کے لئے نیا عملہ بردار مشن روانہ کردیا ہے۔
اس مشن کو " کریو9" کا نام دیا گیا ہے اس کے ذریعے ناسا کے خلا باز نک ہیگ اور روسکوسموس کے ساتھ خلاباز الیگزینڈر گوربنوف بین الاقوامی خلائی اسٹیشن گئے ہیں ۔ یہ اسپیس ایکس کے ساتھ ناسا کا9 واں تجارتی عملہ بردار مشن ہے۔
اسپیس ایکس فالکن 9 راکٹ نے فلوریڈا کے کیپ کیناویرل اسپیس فورس اسٹیشن سے عملہ بردار ڈریگن خلائی جہاز کو لیکر دوپہر ایک بجکر 17 منٹ (مشرقی وقت) پر اڑان بھری ناسا کے مطابق یہ خلائی جہاز اتوار شام 5 بجکر 30 منٹ (مشرقی وقت) پر عالمی خلائی اسٹیشن پر لنگرانداز ہوگا۔
ناسا نے کہا ہے کہ کریو 9 کا عملہ 200 سے زائد سائنسی تجربات کرے گا جن میں خون کا جمنا، خلا میں اگنے والے پودوں پر نمی کے اثرات اور خلابازوں کی بینائی پر مرتب اثرات شامل ہیں۔
توقع ہے کہ خلائی جہاز اگلے سال فروری میں کریو 9 کے خلابازوں کے ساتھ ساتھ ناسا کے خلاباز سنی ولیمز اور بچ ولمور کو لیکر زمین پر واپس آئے گا۔ یہ دونوں جون میں بوئنگ اسٹار لائنر کے ذریعے گئے تھے اور اس میں خرابی کے سب تب سے خلا میں پھنسے ہوئے ہیں۔