اقوام متحدہ(شِنہوا)اقوام متحدہ کے انسانی ہمدردی کے ماہرین نے کہا ہے کہ پاکستان میں 2 کروڑ سے زائد افراد انسانی امداد پر انحصار کر رہے ہیں اور موسم سرما کا آغاز ہوتے ہی ان کی ضروریات میں بھی اضافہ ہو جائیگا۔
اقوام متحدہ کے دفتر برائے رابطہ انسانی امور (او سی ایچ اے) نے بتایا کہ پاکستان میں انسانی ہمدردی کی بنا پر اہم ضرورتیں بدستور برقرار ہیں کیونکہ 2 کروڑ سے زائد افراد کا انحصار انسانی ہمدردی کی بنا پر فراہم کردہ امداد پر ہے حالانکہ کچھ علاقوں میں تعمیر نو کی کوششیں شروع ہو چکی ہیں۔
دفتر نے بتایا کہ حکومتی ردعمل کی حمایت میں سیلاب کے آغاز کے بعد سے اب تک ہمارے انسانی ہمدردی کے شراکت داروں نے امداد کے ساتھ 47 لاکھ سے زائد افراد تک رسائی حاصل کی ہے۔ ہمارے شراکت داروں نے 500 سے زیادہ عارضی تعلیمی مراکز کے ذریعے 1 لاکھ 25 ہزار بچوں کی تعلیم کو دوبارہ شروع کرنے میں بھی مدد کی ہے ۔ تاہم 20 لاکھ سے زائد بچے بدستور سکول تک رسائی سے محروم ہیں۔
او سی ایچ اے نے بتایا کہ اگرچہ تقریباً 26 لاکھ افراد نے اقوام متحدہ اور اس کے شراکت داروں کے ذریعے خوراک کی امداد حاصل کی ہے پھر بھی موسم سرما کی آمد کے ساتھ ہی مزید وسائل کی فوری ضرورت ہے۔
دفتر نے بتایا کہ آج تک سیلاب ردعمل منصوبہ کے 81 کروڑ 60 لاکھ امریکی ڈالر کا صرف 23 فیصد ہی موصول ہوا ہے۔