چین دریائے یانگسی کے طاس کے ماحولیاتی تحفظ کو تقویت دے گاتازترین
September 20, 2022
بیجنگ (شِنہوا) چین نے قدرتی ماحول اور ماحولیاتی تحفظ کو فروغ دینے اور دریائے یانگسی کے طاس کی بحالی کو مزید آگے بڑھانے کے لئے ایک ایکشن پلان جاری کیا ہے۔
حکومت کے 17 اداروں کی جانب سے مشترکہ طور پر جاری کردہ ایکشن پلان کے مطابق 2025 کے آخر تک طاس کے پانی کا مجموعی طور پر معیار ٹھیک رہنا چاہیے، اور ملک کے پانی کے معیار کے 5 درجاتی نظام کے مطابق مرکزی ندی کے پانی کا معیار درجہ دوم پر رہنا چاہیے۔
اس ایکشن پلان میں پینےکے پانی کے تحفظ کو مسلسل بہتر بنانے، اہم دریاؤں اور جھیلوں کے ماحولیاتی پانی کےاستعمال کی مئوثر ضمانت دی گئی ہے،اور سال 2025 کے آخر تک طاس کے آبی ماحولیات کے معیار کو نمایاں طور پر بڑھانے کا ہدف بھی مقرر کیا گیا ہے۔
اس منصوبے کے مطابق مختلف شعبوں میں ان کوششوں کو تقویت دی جائے گی، جن میں دیگر کے علاوہ شہری سیوریج اور کچرےکا انتظام، بحری جہازوں اور بندرگاہوں کے لیے آلودگی کی روک تھام اور اس پر قابو پانے، آبی حیاتیات کے تنوع کی بحالی اور سبز ترقی کے لیے پانی کا تحفظ اور انتظام بھی شامل ہیں۔
چین نے گزشتہ برسوں کے دوران خطے کے ماحولیاتی معیار میں بہتری لانے میں نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں۔