ادیس ابابا(شِنہوا) افریقہ بھر میں 5 سے 19 سال عمر کے تقریباً 10کروڑ بچوں اور نوجوانوں کا اسکولوں سے باہر ہونے کی وجہ سے اپنے سماج سے تعلق مضبوط نہیں ہے۔
افریقی یونین (اے یو) کے کمشنر برائے تعلیم، سائنس، ٹیکنالوجی واختراع محمد بیلہوسین نے ایتھوپیا کے دارالحکومت ادیس ابابا میں جاری اے یو سمٹ کے دوران میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ان بچوں اور نوجوانوں کو ہر طرح کی برائیوں کا آسانی سے شکار بنایا جاسکتا ہے اور دہشت گرد گروہ، منشیات فروش اور انسانی اسمگلر ان کو آسانی سے استعمال کرسکتے ہیں، انہوں نے کہا کہ ان میں سے اکثرمختلف جرائم پیشہ نیٹ ورکس کا حصہ بن جاتے ہیں یا افریقہ کے دوسرے حصوں یا براعظم سے باہر ہجرت کرجاتے ہیں۔
انہوں نے ان بچوں اور نوجوانوں کو پیشہ ورانہ اور تکنیکی تربیت کے ذریعے سپورٹ کرنے اور انہیں روزگار کمانے کے قابل بننے کے لیے ہنرمند بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔ افریقی یونین کے کمشنر نے اس بات کا اعتراف کیا کہ افریقہ کو معیاری تعلیم کی فراہمی خاص طور پر ابتدائی درجے میں بڑی مشکلات کا سامنا ہے، جس کے نتیجے میں سب صحارا افریقہ میں 10 میں سے 9 بچے 10 سال کی عمر تک ایک سادہ تحریر پڑھنے اور سمجھنے سے قاصر ہیں۔