لاس اینجلس(شِنہوا) امریکی خلائی ادارے ناسا نے کہا ہے کہ 2022 میں زمین کا اوسط سطح کا درجہ حرارت 2015 کے برابررہا اور یہ ریکارڈ شدہ پانچواں گرم ترین سال تھا۔
ناسا کے موسمیاتی تجزیات کےمعروف مرکز،گوڈارڈ انسٹی ٹیوٹ فار اسپیس اسٹڈیز(جی آئی ایس ایس)کے سائنسدانوں کے مطابق، کرہ ارض کے طویل مدتی گرمی کے رجحان کو جاری رکھتے ہوئے، 2022 میں عالمی درجہ حرارت 1.6 ڈگری فارن ہائیٹ (0.89 ڈگری سینٹی گریڈ) ناسا کے بیس لائن پیریڈ (1951-1980) کے اوسط سے زیادہ تھا۔ ناسا کے ایڈمنسٹریٹر بل نیلسن نے کہا کہ گرمی کا یہ رجحان تشویشناک ہے۔ ہماری گرم آب و ہوا پہلے ہی مختلف پیٹرن اختیارکررہی ہے،جنگلاتی آگ تیز ہو رہی ہے۔سمندری طوفان زیادہ شدید ہو رہے ہیں؛ خشک سالی تباہی مچا رہی ہے اور سطح سمندر میں اضافہ ہورہا ہے۔انہوں نے کہا کہ ناساموسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کے لیے ہمارے عزم کو مزید مضبوط کر رہا ہے۔ ہمارا ارتھ سسٹم آبزرویٹری ہمارے موسمیاتی ماڈلنگ، تجزیہ اور پیش گوئی کی مدد کے لیے جدید ترین ڈیٹا فراہم کرے گا تاکہ انسانیت کو سیارے کی بدلتی ہوئی آب و ہوا کا مقابلہ کرنے میں مدد ملے۔