i کاروبار

شرح سود بڑھانے سے آئی ایم ایف قرضے کی راہ ہموارنہیں ہو گی، شاہد رشید بٹتازترین

April 07, 2023

تاجر رہنما اوراسلام آباد چیمبر کے سابق صدر شاہد رشید بٹ نے کہا ہے کہ مرکزی بینک کی جانب سے شرح سود میں اضافہ غلط فیصلہ ہے۔ اس سے مہنگائی میں کمی آئے گی نہ معاشی استحکام آئے گا اور نہ ہی آئی ایم ایف کی جانب سے قرضے کی راہ ہموار ہو گی۔ پاکستان میںموجودہ مہنگائی کا تعلق کرنٹ اکائونٹ خسارے یا مارکیٹ میں ضرورت سے زیادہ سرمائے سے نہیں بلکہ حکومت کی پالیسیوں سے ہے جس میں ٹیکسوں اور تیل بجلی اور گیس کی قیمتوں میں اضافہ شامل ہیں۔ شاہد رشید بٹ نے یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا کہ حکومت نے کئی ماہ سے درامدات بند کی ہوئی ہیں اور بندرگاہ پر پانچ ارب دالر سے زیادہ کا مال پھنسا ہوا ہے جس سے بہت سے کاروبار بند اور ملک میں بہت ساری اشیاء کی کمی واقع ہو رہی ہے جو مہنگائی کا بڑا سبب ہے۔ اس کے علاوہ روپے کی قدر میں مسلسل کمی اور تاجروں اور عوام کا اعتماد بھی مسلسل متاثر ہو رہا ہے جبکہ ذخیرہ اندوزوں اور منافع خوروں کو بھی کھلی چھوٹ دے دہ گئی ہے جو مہنگائی کا سبب ہے۔ انھوں نے کہا کہ سٹیٹ بینک کی جانب سے شرح سود بیس فیصد کرنے سے کیا نتیجہ نکلاتھا اور اب اسے اکیس فیصد کرنے سے کیا فائدہ ہو گا۔ورلڈ بینک کے مطابق پاکستان کی شرح نمو 0.4 فیصد رہے گی جبکہ ایشیائی ترقیاتی بینک کا اندازہ ہے کہ شرح نمو 0.6 فیصد رہے گی۔شاہد رشید بٹ نے کہا کہ اس وقت ملک کی سیاسی صورتحال اتنی پریشان کن ہے کہ دنیا نے پاکستان پر اعتماد کرنا چھور دیا ہے۔آئی ایم ایف کے علاوہ دیگر ادارے اور دوست ممالک بھی پاکستان کو قرضہ دینے کوتیار نہیں اور حکومت کے لئے سابقہ قرضوں کی ادائیگی کی تایخ میں توسیع بھی ایک مشکل کام ہو گا۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی