i کاروبار

مویشی پال حضرات کو ان کی دہلیز پر علاج معالجہ کی سہولیات بہم پہنچانے کیلئے 17 موبائل ویٹرنری ڈسپنسریز متحرک ہیں،ڈائریکٹر لائیوسٹاکتازترین

August 22, 2023

محکمہ لائیوسٹاک وڈیری ڈویلپمنٹ کی جانب سے فیصل آباد ڈویژن کے چاروں اضلاع فیصل آباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، چنیوٹ میں مویشی پال حضرات کو ان کی دہلیز پر علاج معالجہ کی سہولیات بہم پہنچانے کیلئے 17 موبائل ویٹرنری ڈسپنسریز متحرک ہیں جن میں ضلع فیصل آباد اور جھنگ میں پانچ پانچ،ٹوبہ ٹیک سنگھ میں چار اور چنیوٹ میں تین موبائل ویٹرنری ڈسپنسریز کام کررہی ہیں اور ہر گاؤں میں مقررہ شیڈول اور روٹ میپ کے تحت مویشی پال حضرات کو سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔ڈویژنل ڈائریکٹر لائیوسٹاک فیصل آباد ڈاکٹر حیدر علی خان نے مویشی پال حضرات سے کہا کہ وہ اس سہولت سے فائدہ اٹھائیں اور جانوروں کا علاج معالجہ کراکر ان کی صحت کو برقرار رکھیں۔انہوں نے کہا کہ مویشیوں کو گل گھوٹو، منہ کھر،نمونیا، انتڑیوں کے زہر، مرغیوں کو رانی کھیت کے ٹیکے لگانے کا عمل مزید تیز کردیا گیاہے جبکہ ویکسی نیشن مہم 30 ستمبر تک جاری رکھی جائے گی تاکہ مویشی، جانور، پرندے ہر قسم کی موسمی بیماریوں سے محفوظ رکھے جاسکیں۔انہوں نے بتایاکہ مذکورہ مہم کے دوران جانوروں، مویشیوں، پرندوں کو حفاظتی ٹیکے لگانے کا ہدف مکمل کیاجائیگا۔ انہوں نے بتایاکہ تمام مویشی پال حضرات، لائیو سٹاک فارمرز اور پولٹری فارمرز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ رواں موسم کے دوران اپنے جانوروں اور پرندوں کو موسمی بیماریوں سے بچانے کیلئے حفاظتی ٹیکے لگوائیں تاکہ بعدازاں انہیں کسی پریشانی کا سامنا نہ کرناپڑے۔انہوں نے لائیو سٹاک فارمرز سمیت بھینس، گائے، بکریاں اوردیگر جانور و مویشی پالنے والے کاشتکاروں، کسانوں، زمینداروں سے کہا کہ چونکہ موسم خزاں میں جانوروں میں منہ کھر کی بیماری کے حملہ کا خطرہ بڑھ جاتاہے لہٰذا وہ فوری طور پر اپنے مویشیوں اور جانوروں کو منہ کھر کی بیماری سے بچانے کیلئے حفاظتی و تدارکی اقدامات کے تحت ٹیکے لگوائیں

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی