روس اور پاکستان کے درمیان دو طرفہ تجارتی تعلقات کو بڑھانے کے وسیع امکانات موجود ہیں اور اس سلسلہ میں دونوں ملکوں کے نجی شعبہ کو کلیدی کردار ادا کرنا ہوگا ۔ یہ بات روس کے تجارتی نمائندے وکٹر ایس وینو گراووف نے فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے صدر ڈاکٹر خرم طارق سے ملاقات کے دوران کہی۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان حکومتی سطح پر تجارت ہو رہی ہے تاہم اس کا حجم بڑھانے کیلئے نجی شعبوں کو تجارتی مواقعوں سے فائدہ اٹھانا ہوگا۔ مسٹر وکٹر نے کہا کہ پاکستانی تاجروں کو روس سے تجارتی تعلقات کو بڑھانے کیلئے اس ملک کے نجی شعبہ سے تعلقات بڑھانے ہوں گے اور اس سلسلہ میں تجارتی وفود کے تبادلے بھی ہونے چاہئیں۔ ڈاکٹر خرم طارق نے کہا کہ پاکستان بڑی مقدار میں لہسن، جوتے، کیلے اور ادویات بھی روس کو برآمد کر سکتا ہے۔ انہوں نے تجارتی لین دین کیلئے بینکنگ چینل کو عالمی معیار کے مطابق بنانے پر زور دیا اور کہا کہ فیصل آباد کے برآمد کنندگان روس کی کپڑے کی ضروریات کو بھی پورا کر سکتے ہیں۔ انہوں نے روس سے خام تیل کی درآمد کے سلسلہ میں ہونے والی حالیہ پیشرفت پر اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ اس سے دونوں ملکوں کے درمیان تجارتی تعلقات میں نئے باب کا اضافہ ہوگا ۔ ڈاکٹر خرم طارق نے مسٹر وکٹر کو فیصل آبا د چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے دورے کی بھی دعوت دی تاکہ وہ خود فیصل آباد کے برآمدی پوٹینشل کاجائزہ لے سکیں۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی