i کاروبار

پاکستان سے دو طرفہ تعلقات کو مزید بڑھانے کیلئے کوششیں تیز کرنے کی ضرورت ہے جنوبی کوریا سفیر سر سینگپئوتازترین

March 09, 2023

جنوبی کوریا کے سفیر سر سینگپئو نے کہا کہ پاکستان سے دو طرفہ تعلقات کو مزید بڑھانے کیلئے کوششیں تیز کرنے کی ضرورت ہے۔ فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے صدر ڈاکٹر خرم طارق سے ملاقات کے دوران انہوں نے کہا کہ کوریا کی متعدد کمپنیاں پاکستان میں بڑے پیمانے پر کاروبار کر رہی ہیں جبکہ اُن کا ملک پاکستان کو ٹیکسٹائل کے شعبہ میں جدت لانے کیلئے بھی مدد دے رہا ہے۔ انہوں نے اس سلسلہ میں فیصل آباد کی نیشنل ٹیکسٹائل یونیورسٹی میں پاک کوریا، ٹیکنیکل ٹیکسٹائل ریسرچ سنٹر کے قیام کا ذکر کیا اور کہا کہ اس کے ذریعہ پاکستان میں ٹیکسٹائل کے شعبہ میں ویلیو ایڈیشن کی نئی راہیںکھولی جا سکتی ہیں۔

انہوں نے کوریا کی ڈائیو، سام سنگ اور دیگر کئی کمپنیوں کا ذکر کیا جو براہ راست پاکستان کی معیشت میں اپنا کردار ادا کر رہی ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ اس وقت بارہ ہزار سے زائد پاکستانی بھی کوریا میں گرانقدر خدمات سر انجام دے رہے ہیں جبکہ کوریا اور پاکستان کے درمیان ثقافتی تعلقات کو مزید بڑھانے کی ضرورت ہے۔ فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے صدر ڈاکٹر خرم طارق نے پاکستان کی معاشی ترقی میں کوریا کے کردار کو سراہا اور کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان دو طرفہ تجارت 1.1ارب ڈالر ہے جسے بڑھانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کوریا کے شعبہ کو فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے دورے کی بھی دعوت دی اور کہا کہ دونوں ملکوں کی بزنس کمیونٹیز کے درمیان رابطے کو بڑھانے کیلئے تجارتی وفود تشکیل دیئے جانے چاہئیں۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی