صنعتکار و ں وایکسپور ٹرز کی ملک گیر تنظیم پاکستان بزنس فورم پنجاب کے جنرل سیکرٹری اورملک کے معروف صنعتکار و ایکسپور ٹر عارف احسان ملک نے کہاکہ پاکستان کو ویلیو ایڈڈ ٹیکسٹائل کی ایکسپورٹ میں دنیا کا لیڈر بنانے کیلئے ٹیکسٹائل فوکسڈپالیسی ناگزیر ہے اوراگر واقعی ملک کومعاشی طور پر مستحکم کرناہے تو ہمیں پہلی فرصت میں قیمتی زرمبادلہ کمانے اور لوگوں کو روزگار فراہم کرنیوالے ٹیکسٹائل سیکٹرکے مسائل کو حل اور اس کی مشکلات کا تدارک کرنے کے ساتھ ساتھ ملکی برآمدات کو بڑھانے،بجلی،گیس، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں اورشرح سود میں کمی لانے سمیت زیر التواری فنڈ کلیمز فوری طور پر ادا کرنے ہونگے کیونکہ ملکی برآمدات بڑھیں گی تو زر مبادلہ میں اضافہ ہوگا اورملکی معیشت بہتر ہوگی۔میڈیا سے بات چیت کے دوران انہوں نے کہا کہ اسوقت ٹیکسٹائل سیکٹرکی پیداواری لاگت زیادہ ہونے سے ہم عالمی منڈیوں میں دیگر ممالک کی مصنوعات کا مقابلہ نہیں کرپارہے جس سے جہاں ہماری برآمدات میں کمی آرہی ہے وہیں زرمبادلہ کا حصول بھی کم ہورہا ہے۔عارف احسان ملک نے کہا کہ ٹیکسٹائل سیکٹرہی ملک کی مستحکم اور پائیدار معیشت کی اساس ہے جسے زیادہ سے زیادہ سہولیات بہم پہنچاکر ہم اپنے ایکسپورٹ کے اہداف کا حصول یقینی بناسکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اندرون ملک ٹیکسٹائل انڈسٹری اورسمال اینڈ میڈیم انٹرپرائززسیکٹرکو مناسب ریلیف فراہم کرکے جہاں برآمدات میں اضافہ کے ذریعے زیادہ سے زیادہ زرمبادلہ حاصل کیا جاسکتا ہے وہیں بیروزگاری کے خاتمہ سے غربت میں بھی کمی لائی جاسکتی ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی