پاکستان اور ویتنام کے درمیان دو طرفہ تجارت کے فروغ کیلئے دونوں ملکوں کے تاجروں کے درمیان براہ راست رابطوں کو مستحکم کرنے کی ضرورت ہے۔ یہ بات پاکستان میں ویتنام کے سفیر مسٹر نگیوین ٹائن پونگ نے فیصل آباد چیمبر آ ف کامرس اینڈانڈسٹری کے صدر ڈاکٹر خرم طارق نے ایک خصوصی ملاقات کے دوران کہی۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان تجارت کے فروغ کے وسیع امکانات موجود ہیں اور اس سلسلہ میں کوششوں کا سلسلہ جاری ہے۔ انہوںنے کہا کہ ویتنام پاکستان کو خام مال کی فراہمی کے علاوہ جدید ٹیکنالوجی بھی مہیا کر سکتا ہے لیکن اس کیلئے دونوں ملکوں کے نجی شعبوں کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ ویتنامی سفیر نے ڈاکٹر خرم طارق کی قیادت میں فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کی کاوشوں کو سراہا اور کہا کہ دونوںملکوں کے متحرک اور فعال کاروباری افراد کو باہمی تعاون کے فروغ کیلئے ملکر جدوجہد کرنا ہوگی۔ ڈاکٹر خرم طارق نے بتایا کہ فیصل آباد ملک کے وسط میں واقع اہم ترین صنعتی، تجارتی اور کاروباری شہر ہے جہاں ملک کی سب سے بڑی منظم انڈسٹریل اسٹیٹ موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ ویتنامی سرمایہ کاریہاں صنعتیں قائم کر کے نہ صرف 220ملین کی مقامی مارکیٹ سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں بلکہ فاضل پیداوار کو وسط ایشیائی ریاستوں تک برآمدی بھی کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے ویتنامی سفیر کو فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے دورے کی بھی دعوت دی تاکہ وہ اس شہر کے صنعتی پوٹینشل کو سمجھ سکیں اور مقامی تاجروں سے براہ راست تبادلہ خیال بھی کر سکیں۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی