محکمہ زراعت نے کاشتکاروں کو کپاس کی فصل کو ملی بگ کے حملہ سے بچانے کے لیے پیسٹ سکاؤٹنگ کا عمل فوری طور پر شروع کرنے کی ہدایت کی ہے۔اسسٹنٹ ڈائریکٹر محکمہ زراعت توسیع فیصل آبادخالد اقبال نے کہا ہے کہ کپاس کے کھیتوں سے جڑی بوٹیوں کوترجیحی بنیادوں پر تلف کرنے کے لیے اقدامات کئے جائیں نیز ملی بگ کے حملہ سے متاثرہ پودوں کو فوری طور پر جڑ سے اکھاڑ کر پولی تھین بیگ میں ڈالنے کی بجائے انہیں زمین میں دفن کر دیا جائے تاکہ وہ مزید پودوں پر حملہ آور نہ ہو سکے۔انہوں نے کہا کہ ماہرین زراعت سمیت محکمہ زراعت کا فیلڈسٹاف کپاس کے کاشتکاروں کی مکمل رہنمائی کررہا ہے تاکہ ان کی فصلوں کو کیڑوں کے حملے سے بچا کر بہتر پیداوار کا حصول ممکن بنایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ کاشتکار ماہرین زراعت کی سفارشات کو مد نظر رکھتے ہوئے نائٹروجن، فاسفورس، پوٹاش کا استعمال کریں۔ا نہوں نے کاشتکاروں کو ہدایت کی کہ وہ بوقت ضرورت ماہرین زراعت کو اپنے کھیتوں کا دورہ بھی کروائیں تاکہ وہ کپاس کی فصل بارے انہیں بہتر مشورے فراہم کر سکیں۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی